عامر لارڈز ٹیسٹ میں واپسی کے لیے تیار

27 June 2016

ہمپشائر: پاکستان کرکٹ ٹیم کے منیجر انتخاب عالم کا کہنا ہے کہ انگلینڈ پہنچنے کے بعد ٹیم کے کیمپ میں تیاریوں سے مصروف ہیں جبکہ فاسٹ باؤلر محمد عامرٹیسٹ میں واپسی کے لیے ذہنی طورپر تیار ہیں اور وہ دباؤ کو سنبھال لیں گے۔

کرکٹ ویب سائٹ پاک پیشن کو دیے گئے انٹرویو میں انتخاب عالم کا کہنا تھا کہ ‘ہمپشائر پہنچنے کے بعد ہماری تیاریاں بہترین چل رہی ہیں، ہم نے تین روزہ میچ کھیلا تاہم اس کا ایک دن بارش کی نذر ہوگیا لیکن لڑکے جم میں کام میں مصروف رہے’۔

ان کا کہنا تھا ان تیاریوں کے دوران کسی قسم کی کوئی انجری اور پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑا اس لیے ہم اس کیمپ کے نتائج سے مطمئن ہیں’۔

محمد عامر کی کرکٹ پر پابندی کے بعد ٹیسٹ میں واپسی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ‘ہم سمجھتے ہیں کہ محمد عامر لارڈز ٹیسٹ میں واپسی کے لیے تیار ہیں، ہم سب اس کی واپسی کے حوالے سے اردگرد کے حالات سے واقف ہیں’۔

قومی ٹیم کے منیجر کا کہنا تھا کہ ‘عامر ذہنی طورپر اس دورے کے لیے تیار تھے اور وہ اس سے اچھی طرح نمٹیں گے کیونکہ بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی کے بعد یہ ان کا پہلا بیرونی ملک کا دورہ نہیں اور وہ انگلینڈ بھی آچکے ہیں’۔

قومی ٹیم نے 2010 میں سلمان بٹ کی قیادت میں انگلینڈٖ کا دورہ کیا تھا جب کپتان سمیت دو فاسٹ باؤلرز محمد آصف اور محمد عامر اسپاٹ فکسنگ میں ملوث پائے گئے تھے، جس کے بعد تینوں کھلاڑیوں پر 5 سال کے لیے کرکٹ کی سرگرمیوں میں حصہ لینے پر پابندی عائد کی گئی تھی۔

مصباح الحق کی قیادت میں 6 سال بعد دورہ کرنے والی ٹیم کی کارکردگی کے حوالے سے انتخاب عالم کا کہنا تھا کہ ‘اس میں کوئی شک نہیں ہماری باؤلنگ گزشتہ دورے کی ٹیم سے کم تجربہ کار ہے لیکن میں ان کی صلاحیتوں سے خبردار کروں گا کیونکہ وہ تمام اس وقت بہترین باؤلنگ کررہے ہیں اور جسمانی طورپر فٹ ہیں اور انگلینڈ کے بلے بازوں کو مشکل امتحان سے دوچار کریں گے’۔

Source. Dawn News

Leave a Reply

Be the First to Comment!


wpDiscuz