ٹیم میں واپسی کا راستہ کارکردگی ہے:سلمان بٹ

22 June 2016

کراچی: پاکستان کے سابق کپتان سلمان بٹ کا کہنا ہے قومی ٹیم میں جگہ بنانے کے لیے ان کے پاس واحد راستہ کارکردگی ہے جس کے لیے وہ بھرپور محنت کر رہے ہیں.

سلمان بٹ پر 2010 میں انگلینڈ میں اسپاٹ فکسنگ کے اعتراف کے بعد محمد عامر اور محمد آصف کے ساتھ 5 سال کے لیے کرکٹ کی سرگرمیوں میں حصہ لینے پر پابندی عائد کی گئی تھی۔

آئی سی سی کی جانب سے گزشتہ سال ستمبر میں ان پابندی اٹھائے جانے کے بعد محمد عامر نے قومی ٹیم میں واپسی کی تاہم سلمان بٹ اورمحمد آصف تاحال ٹیم میں جگہ بنانے میں ناکام ہیں۔

ڈان نیوز کو انٹرویو میں سلمان بٹ نے عامر کی ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی پر نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کے ‘عامر اچھا کھیلے گا تو ٹیم کی کارکردگی بھی اچھی ہو گی’

سلمان بٹ نے گزشتہ سال پابندی ختم ہونے کے بعد نیشنل ون ڈے کپ میں واپڈا کی نمائندگی کرتے ہوئے بہترین بلے بازی کا مظاہرہ کیا تھا تاہم چند حلقوں کی جانب سے ان کی کرکٹ میں واپسی کو اچھی نظر سے نہیں دیکھا گیا اور سخت تنقید کی گئی تھی۔

کرکٹ میں واپسی کے حوالے سے ہونے والی تنقید پر سابق کپتان کا کہنا تھا کہ’ہم نے اپنے جرم کی سزا کاٹی، اس کے بعد پی سی بی کا بحالی پروگرام مکمل کیا اور اپنی غلطیوں پر قوم سے معافی مانگی اور ایک دفعہ پھر مانگتا ہوں، اگر اس کے باوجود کوئی مخالف سوچ رکھتا ہے تو وہ جانے اور اسکا اللہ جانے، ہمیں گھبرانے کی ضرورت نہیں’

انضمام الحق نے سلیکشن کمیٹی کا سربراہ بننے سے قبل سلمان بٹ اور محمد آصف کی عامر کی طرح قومی ٹیم میں واپسی کی حمایت کی تھی، اب انضمام چیف سلیکٹر بنے ہیں تو بٹ ان کی باتوں پر عمل کرنے کو تیار ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘انضام الحق ہمارے کپتان رہ چکے اور پوری دنیا ان کی صلاحیتوں کی معترف ہے اور جیسے جیسے وہ ہماری رہنمائی کرتے رہیں گے میں اس پر پورا اترنے کی کو شش کروں گا۔

سلمان کراچی میں رمضان کرکٹ میں مصروف ہیں جس کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ‘کراچی میں رمضان کرکٹ کا معیار ڈومیسٹک کرکٹ سے کم نہیں اور یہاں پر رمضان کے دوران معیاری کرکٹ کھیلی جا رہی ہے’۔

Source. Dawn News

Leave a Reply

Be the First to Comment!


wpDiscuz