پاکستان جیسی خطرناک ٹیم کے چیلنج سے آگاہ ہیں، بدری

20 September 2016

ویسٹ انڈین لیگ اسپنر سیمیول بدری نے ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کیلئے پاکستانی ٹیم کو خطرناک حریف قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ویسٹ انڈین ٹیم پاکستان کو آسان حریف تصور کرنے کی غلطی نہیں کرے گی۔

پاکستان اور عالمی چیمپیئن ویسٹ انڈیز کے درمیان 23 ستمبر سے متحدہ عرب امارات میں تین ٹی20 میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔

ویسٹ انڈین اسپنر سیمیول بدری نے سیریز کیلئے پاکستان کو مشکل حری قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی ایک خاص دن کسی بھی حریف کو تباہ کر سکتی ہے اور ہم اس چیلنج سے آگاہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم ہر مخالف ٹیم کا احترام کرتے ہیں اور پاکستان کے ساتھ بھی ایسا ہی کریں گے، ہم اپنے طور پر بہترین تیاری کریں گے کیونکہ ہم جانتے ہیں کہ پاکستان دنیا کی بہت خطرناک ٹیم ہے۔

35 سالہ لیگ اسپنر نے اس تاثر کو ماننے سے انکار کردیا کہ عالمی درجہ بندی میں نچلوں نمبروں پر موجودگی کے سبب پاکستانی ٹیم ترنوالہ ثابت ہو گی۔

ٹی ٹوئنٹی کی عالمی درجہ بندی میں ویست انڈیز اس وقت تیسرے اور پاکستان ساتویں نمبر پر موجود ہے۔

بدری نے کہا کہ مستقل مزاجی کی بات کی جائے تو پاکستانی ٹیم بہت حد تک ہماری جیسی ہے، ایک دن یہ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں اور اگلی مرتبہ وہ بہت کچھ نہیں کر پاتے جس کی ہمیں امید ہوتی ہے۔

یاد رہے کہ اس سیریز میں ویسٹ انڈین ٹیم کو جارح مزاج اوپنر کرس گیل اور آل راؤنڈر آندرے رسل کی خدمات حاصل نہیں ہوں گی لیکن ویسٹ انڈیز کی ایک روزہ اور ٹیسٹ ٹیم کے کپتان جیسن ہولڈر کا ماننا ہے کہ ان کھلاڑیوں کی عدم موجودگی میں بھی ویسٹ انڈیز ایک مکمل قوت کی حامل ٹیم ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان کھلاڑیوں کی عدم موجودگی یقیناً بڑا نقصان ہے لیکن ہمارے پاس ڈریسنگ روم میں ایسے باصلاحیت کھلاڑی ہیں جو ان کی جگہ لے سکتے ہیں۔

Source. Dawn News

Leave a Reply

Be the First to Comment!


wpDiscuz