انضمام الحق چیف سلیکٹر،مشتاق احمد نیشنل اکیڈمی کے ہیڈ کوچ ہوں گے: شہریار خان

18 April 2016

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے باضابطہ طور پر سابق کپتان انضمام الحق کو چیف سلیکٹر اور مشتاق احمد کو نیشنل اکیڈمی کا ہیڈکوچ بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ انضمام الحق ملک کی خدمت کیلئے آئے ہیں تمام لوگ ان کا ساتھ دیں۔
انضمام الحق کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ سلیکشن کمیٹی کیلئے انضمام الحق کے رضامند ہونے پر میں بہت خوش ہوں اور امید کرتاہوں کہ وہ بہتر طور پر کھلاڑیوں کو منتخب کریں گے اور ٹیم کو آگے لے کر جائیں گے۔
ہیڈ کوچ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس ملکی و غیر ملکی کوچز کی بہت سی آپشن ہیں ۔ کچھ غیر ملکی کوچز نے سکیورٹی کی وجہ سے معذرت کرلی ہے جبکہ بہت سے غیر ملکی کوچز پاکستان میں آنے کیلئے تیار ہیں تاہم ہفتے 10 دن میں کوچ کا اعلان کردیں گے۔نیشنل اکیڈمی کو خودمختار بناناچاہتے ہیں اور اسے چلانے کیلئے بہت ہی معتبر قسم کے آدمی آئیں جو نہ صرف نیشنل اکیڈمی کو چلائیں بلکہ نچلی سطح پر بھی کام کریں اسی لیے محمد اکرم کی جگہ مشتاق احمد کو نیشنل اکیڈمی میں ہیڈ کوچ بنایا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کپ کے ختم ہونے پر آرمی کے ساتھ تین ہفتوں کیلئے ایبٹ آباد میں فٹنس کیمپ لگائیں گے جہاں کھلاڑیوں کی فٹنس پر خصوصی توجہ دی جائے گی ۔سکولز اور یونیورسٹی کرکٹ کا جلد اعلان کرنے والے ہیں اور کوشش کررہے ہیں کہ پرائیویٹ تعلیمی اداروں کے بچوں کو بھی اس دائرے میں لے کر آئیں گے۔
شہریار خان نے اعلان کیا کہ پاکستان میں بائیو مکینیکل لیب نے کام شروع کردیا ہے جبکہ کرکٹ کمیٹی صرف کرکٹر ز پر مشتمل ہوگی جو ہر قسم کے مشورے دے گی اور کرکٹ بہتر کرنے کی تجاویز دے گی۔

Source . Daily Pakistan

Leave a Reply

Be the First to Comment!


wpDiscuz