پاکستان، انگلینڈ کے مداحوں کا کرکٹ مقابلہ

24 June 2016

لندن: پاکستان اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان 14 جولائی کو لارڈز میں ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ سے قبل دونوں ٹیموں کےمداح برمنگھم میں ایک ٹی ٹوئنٹی میچ میں ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گے۔

کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق انگلینڈ کی بارمی آرمی اور حال ہی میں بننے والی نیشنل ایشین کرکٹ کونسل کے درمیان ایڈباسٹن فینز ٹرافی کا مقابلہ 13 جولائی کو اٹک کرکٹ کلب میں ہوگا۔

دونوں ٹیموں کےدرمیان یہ ٹی ٹوئنٹی میچ مقامی وقت کے مطابق شام 6 بجے شروع ہوگا جبکہ تماشائیوں کا میدان میں داخلہ مفت ہوگا۔

ایڈباسٹن اسٹیڈیم کے چیف ایگزیکٹیو نیل سنوبال کا کہنا ہے کہ ‘ ایڈباسٹن دونوں طرف کے مداحوں کے ساتھ مل کر کئی سالوں سے کام کررہا ہے اور سیریز کے آغاز کو مزید مقبول بنانے کے لیے ہم مداحوں کو زیادہ اہمیت دینا چاہتے ہیں’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘کھیل پوری دنیا میں مختلف ثقافت اور اعتقاد رکھنے والے لوگوں کو ایک کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، ہم انگلینڈ اور پاکستان کےمداحوں کے درمیان مسابقتی میچ کے انعقاد پر پرجوش ہیں اور مستقبل کی سیریز میں ہم اس طرح کی چیزوں کو دوبارہ کرنے کی امید رکھتے ہیں’۔

نیشنل ایشین کرکٹ کونسل کو کلب کرکٹ کانفرنس کی جانب سے برطانیہ میں ایشین کرکٹ کی موثر موجودگی کو یقینی بنانے کے لیے بنا یا گیا تھا۔

نیشنل ایشین کرکٹ کونسل کے ترجمان گلفراز ریاض کا کہنا ہے کہ ‘کرکٹ مختلف برادریوں کو پچ اور پچ سے باہر جن چیزوں پر یکجا اور نمایاں کرتی ہے وہ نہایت عظیم ہے’۔

انھوں تمام مداحوں کو میچ دیکھنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ ‘ہم اس پرجوش میچ کے لیے پرعزم ہیں اور میں تمام برادریوں کے مداحوں پر زور دوں گا کہ وہ آئیں اور اس کی حمایت کریں’۔

بارمی آرمی کے بانی اور ڈائریکٹر پال برنہام نے کہا کہ ‘ہم اس میچ کے حوالے سے بہت پرجوش ہیں۔ ہمیں کرکٹ اور فنڈز کے حصول کے لیے تماشائیوں سے بھری شام کی توقعات ہیں’۔

انھوں نے امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ‘یہ کئی مقابلوں کی طرح پہلا مقابلہ ہوگا اور ہم مزید ایشیائی برطانویوں کو بارمی آرمی سپورٹرز کلب میں خوش آمدید کہ سکیں گے’۔

Source. Dawn News

Leave a Reply

Be the First to Comment!


wpDiscuz