میک کولم اور جانسن کی پی ایس ایل میں شرکت متوقع

23 May 2016

پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کیلئے عالمی شہرت یافتہ نیوزی لینڈ کے برینڈن میک کولم اور مچل جانسن سے رابطے شروع کر دیے ہیں اور ان کے اگلے ایڈیشن میں شرکت کے قوی امکانات ہیں۔

رواں سال کے آغاز میں منعقدہ پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے پہلے ایڈیشن کی شاندار کامیابی کے بعد پی سی بی حکام نے فرنچائز کے ساتھ مل کر دوسرے ایڈیشن کو حتمی شکل دینے کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔

پی ایس ایل حکام کے مطابق لیگ کی انتظامیہ تمام فرنچائز کو تفصیلات اور طریقہ کار سے آگاہ کردیا ہے اور اب ٹیمیں دوسرے ایڈیشن کے منصوبوں پر کام کر رہی ہیں۔

پی ایس ایل آفیشل کے مطابق اگر کوئی ٹیم کسی کھلاڑی کو برقرار نہیں رکھنا چاہتی تو وہ پانچ مئی سے نو ستمبر تک اس سلسلے میں کورروائی کرتے ہوئے دوسری ٹیموں سے کھلاڑیوں کے ٹرانسفر پر بات کر سکتی ہے اور وہ جن کھلاڑیوں کو برقرار نہ رکھنا چاہے انہیں ریلیز بھی کر سکتی ہے۔

ٹرانسفر ونڈو 20 جون کو کھلے گی اور نو ستمبر تک یہ عمل جاری رہے گا۔

پی ایس ایل آفیشل نے مزید بتایا کہ پی ایس ایل کے ڈرافٹ میں نئے ناموں کو شامل کرنے کیلئے بھی پانچ ستمبر تک شکل دی جا سکتی ہے جبکہ ڈرافٹ سسٹم کے ذریعے کھلاڑیوں کے انتخاب کا عمل اکتوبر کے وسط میں ہو سکتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ حکام نیوزی لینڈ کے سابق کپتان برینڈ میک کولم اور سابق آسٹریلین فاسٹ باؤلر مچل جانسن سے رابطے میں ہیں اور دونوں کھلاڑیوں کی اگلے ایڈیشن میں شرکت متوقع ہے۔

یاد رہے کہ یہ دونوں کھلاڑی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے چکے ہیں اور اب صرف مختلف لیگ میں ٹیموں کی نمائندگی کر رہے ہیں۔

پی ایس ایل کے اعلیٰ آفیشل کے مطابق لیگ کے نو فروری سے متحدہ عرب امارات میں انعقاد کا امکان ہے لیکن لیگ کے کہیہں انعقاد کے حوالے سے سوال کا انہوں نے جواب نہیں دیا۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ متحدہ عرب امارات میں بڑھتے ہوئے اخراجات کے سبب اپنے انٹرنیشنل میچز کہیں اور کرانے کا خواہشمند ہے اور اس کیلئے سری لنکا سے باضابطہ طور پر رابطہ کیا جا چکا ہے تاہم پی ایس ایل کے آئندہ ایڈیشن کے مقام کے حوالے سے تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔

پی ایس ایل 2017 کے ایڈیشن کیلئے انعامی رقم بھی بڑھائے جانے کے قوی امکانات ہیں جبکہ کھلاڑیوں کی تنخواہوں میں بھی پانچ فیصد تک اضافہ ممکن ہے۔

Source. Dawn News

Leave a Reply

Be the First to Comment!


wpDiscuz