پاکستان سپر لیگ کا فائنل لاہور میں ہوسکے گا؟

12 July 2016

کراچی:پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پہلے ایڈیشن کی کامیابی کے بعد چیئرمین نجم سیٹھی 2017 میں دوسرے سیزن میں مشہور کھلاڑیوں کی شمولیت، منافع اور دیگر کئی پہلووں کی صورت میں مزید کامیابیوں جبکہ لاہور میں ایونٹ کے فائنل کے لیے پراعتماد ہیں۔

نجم سیٹھی نے ڈان کو خصوصی انٹرویو میں کہا کہ پی ایس ایل کا دوسرا سیزن پاکستانی کرکٹ مداحوں کے لیے ہر طرح سے پرجوش ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘پی ایس ایل کا افتتاحی سیزن غیرمعمولی طورپر کامیاب تھا اور ہم نے نقادوں کو غلط ثابت کردیا’۔

پی سی بی ایگزیکٹیو کمیٹی کے سربراہ نے کہا کہ ‘لیگ کا دوسرا سیزن بہتر ہوگا، کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ اور افتتاحی تقریب بڑے پیمانے پر ہوگی’۔

انھوں نے کہا کہ ‘پچ مزید بہتر ہوگی اور آپ دیکھیں گے کہ مزید نامور بین الاقوامی اسٹارز پی ایس ایل کے دوسرے سیزن میں شرکت کریں گے’۔

پی ایس ایل کے دوسرے سیزن میں شامل ہونے والے مزید مشہورکھلاڑیوں کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ‘ہم کیوی عظیم کھلاڑی برینڈن مک کولم اور انگلینڈ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان آئن مورگن کی شمولیت کے حوالے سے پہلے ہی اعلان کرچکے ہیں’۔

سیٹھی کا کہنا تھا کہ ‘سری لنکا کے ملینگا اور جنوبی افریقہ کے البے مورکل بھی شامل ہیں جبکہ دیگر کے حوالے سے ہم بہت جلد اعلان کریں گے’۔

انھوں نے واضح کیا کہ ‘انتظامی معاملات کی وجہ سے ڈرافٹ متحدہ عرب امارات میں ہوں گے’۔

‘ہماری قومی ٹیم اور پی ایس ایل کے سرفہرست کھلاڑی ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے سے طے شدہ دوطرفہ سیریز میں مصروف ہوں گے اس لیے ہم انھیں ڈرافٹ کی خاطر اہم میچوں کے دوران دو یا تین دن کے لیے پاکستان آنے پر مجبور نہیں کرسکتے جبکہ ہم وہاں بین الاقوامی کھلاڑیوں کو بھی شامل کرسکتے ہیں’۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی فرنچائز مخصوص کیٹگری میں شامل کسی کھلاڑی کو برقرار نہیں رکھتی تو اس صورت میں نئے کھلاڑی کو حاصل کرنے کا موقع ملے گا اس طرح یہ صورت حال دلچسپ ہوگی۔

پی ایس ایل کے دوسرے سیزن کی حتمی تاریخ اور فائنل کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ’ہمارا ارادہ یہ ہے کہ فروری کے پہلے ہفتے سے مارچ کے پہلے ہفتے کے دوران متحدہ عرب امارات میں ہو’۔

چیئرمین پی ایس ایل کا کہنا تھا کہ’میں سخت محنت کررہا ہوں کہ پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں ہو’۔

پی ایس ایل میں اپنے مستقبل کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ‘ ہم آنے والے سالوں میں پی ایس ایل کو کسی ایک شخص پر انحصار کرتے دیکھنا نہیں چاہتے اور منصوبہ یہی ہے کہ لیگ مزید پھلے پھولے اور میں ہمیشہ کے لیے یہاں نہیں رہوں گا’۔

Source. Dawn News

Leave a Reply

Be the First to Comment!


wpDiscuz