پی ایس ایل:مک کولم، مورگن کس ٹیم کاحصہ ہوں گے؟

2 July 2016

کراچی: نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان برینڈن مک کولم اور انگلینڈ کی ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کے کپتان آئن مورگن پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ڈرافٹ میں شمولیت پر رضامند ہوگئے ہیں۔

پی ایس ایل کے چیئرمین نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ ‘برینڈن مک کولم اور آئن مورگن بین الاقوامی اسٹارز ہیں جو نہ صرف بین الاقوامی کرکٹ کا وسیع تجربہ لائیں گے بلکہ پی ایس ایل کے کھلاڑیوں کے لیے اپنے قمیتی قائدانہ تجربے سے فائدہ پہنچائیں گے’۔

پی ایس ایل کے دوسرے ایڈیشن کی تیاریاں شروع ہو گئی ہیں جس کے لیے فرنچائز مالکان اور لیگ انتظامیہ کا نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں نجم سیٹھی کی زیر سرپرستی اجلاس ہوا۔

لیگ میں شامل ٹیمیں اپنے موجودہ دستے سے 16 کھلاڑیوں کو برقرار رکھیں گی، وہ تمام کھلاڑی جن کو ٹیموں نے حاصل کیا تھا وہ ٹیم میں برقرار رہنے کے اہل ہیں۔

ٹیموں کو 14 ستمبر 2016 تک موجودہ کھلاڑیوں سے دوبارہ مذاکرات کے لیے ذریعے برقرار رکھنے کا موقع دیا گیا ہے، ٹیموں کو طے شدہ اپنے ڈرافٹ کے مطابق کھلاڑیوں کے ٹرانسفر کا برابرموقع حاصل ہے یا پھرموجودہ اسکواڈ کو بہترین ٹیم کے طور پر برقرار رکھ سکتے ہیں۔

کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ اکتوبر میں متحدہ عرب امارات میں اس وقت ہوگی جب پاکستانی کھلاڑی ہوم سیریز میں مصروف ہوں گے۔

ڈرافٹنگ کا طریقہ کار گزشتہ سال کی طرح ہوگا جہاں لاہور قلندرز ہر مرحلے میں پہلے کھلاڑیوں کا انتخاب کرے گی جس کے بعد کراچی کنگز اور تیسرے نمبر پر پشاور زلمی اپنے کھلاڑیوں کا چناؤ کرے گی جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز چوتھے اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم آخر میں کھلاڑی حاصل کرے گی۔

پی ایس ایل کے نئے سیزن میں کھلاڑیوں کے معاوضے کو 1.2 ملین ڈالر تک بڑھانے کے لیے پانچوں فرنچائزوں نے رضامندی کا اظہار کیا ہے۔

سیٹھی کا کہنا تھا کہ ‘ہم پی ایس ایل کے پہلے سیزن کی کامیابی پر خوش ہیں اور دوسرے سیزن کے لیے تیاریاں پرجوش مرحلے میں داخل ہورہی ہیں’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘میں وعدہ کرسکتا ہوں کہ پی ایس ایل کا دوسرا سیزن بڑا اور بہتر ہوگا اور ہم مداحوں کو بہترین کرکٹ کے لمحات پیدا کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے’۔

چیئرمین پی ایس ایل کا کہنا تھا کہ ‘ہم کوشش کریں گے کہ لیگ کے دوسرے سیزن کا فائنل پاکستان میں ہو’۔

پی ایس ایل کے دوسرے سیزن کے ڈرافٹ میں شامل مک کولم کی قیادت میں نیوزی لینڈ ٹیم ورلڈ کپ 2015 کے فائنل میں پہنچی تھی جبکہ دنیا بھر میں جاری ٹی ٹوئنٹی لیگ میں حصہ لیتے ہیں ان کی شمولیت سے پی ایس ایل میں ایک اور جدید کرکٹ اسٹار کا اضافہ ہوگا۔

دوسری جانب آئن مورگن جنھوں نے حال ہی میں کھیلے گئے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں انگلینڈ کو فائنل تک رسائی دلائی تھی جہاں انھیں ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

پی ایس ایل کے دوسرے سیزن کا انعقاد فروری 2017 میں ہوگا۔

Source. Dawn News

Leave a Reply

Be the First to Comment!


wpDiscuz