سلیکٹرز نوجوانوں کو چانس دینا چاہتے ہیں اس لئےقومی ٹیم سے دورہوں :آفریدی

26 May 2016

پاکستان کے معروف کرکٹر شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ اگر ان کے ملک کو ان کی ضرورت ہوئی تو اس موسم گرما میں پاکستان کے دورۂ انگلینڈ کے لیے دستیاب ہوں گے۔

شاہد آفریدی نے بی بی سی ساؤتھ ٹو ڈے کو بتایا کہ وہ قومی ٹیم سے اس لیے دور ہیں کیونکہ سلیکٹرز ’نوجوانوں کو چانس دینا چاہتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ’میں نے سلیکٹروں کو بتایا ہے کہ اچھا ہے کہ وہ مجھے دور رکھیں اور دیکھیں کہ نوجوان کہاں کھڑے ہیں‘؟

پاکستان کے 36 سالہ آل راؤنڈر سنہ 2011 کے بعد ہیمشائر کی جانب سے مڈل سیکس کے خلاف جمعے کو پہلا میچ کھیلیں گے۔

شاہد آفریدی کے مطابق ’میں اس موسمِ گرما میں اپنی کاؤنٹی کرکٹ پر توجہ مرکوز کرنے پر خوش ہوں اور پھر بعد میں کیا ہوتا ہے دیکھوں گا۔

انھوں نے کہا اگر وہ (پاکستان) مجھے بعد میں لینا چاہے تو میں دستیاب ہوں گا۔

واضح رہے کہ شاہد آفریدی رواں برس مارچ میں انڈیا میں ہونے والے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کے کپتان تھے تاہم ٹیم کی مایوس کن کارکردگی کے بعد انھوں نے قوم سے معافی مانگتے ہوئے کپتانی چھوڑ دی تھی۔

شاہد آفریدی نے گذشتہ سال مارچ سے کوئی ایک روزہ بین الاقوامی میچ نہیں کھیلا ہے۔ انھوں نے آخری بار سنہ 2010 میں ٹیسٹ میچ کھیلا تھا۔

Source. BBC Urdu News

Leave a Reply

Be the First to Comment!


wpDiscuz