عامر کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے، وہاب ریاض

21 June 2016

لندن: پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر وہاب ریاض نے انگلینڈ کے خلاف سیریز میں جیت کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے محمد عامر کی ہر طرح سے مدد کرنے کی یقین دہانی کرادی۔

کرک انفو کو دیے گئے ایک انٹرویو میں وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ ‘اگر آپ کرکٹ کھیلتے ہوئے لطف اندوز ہورہے ہوں تو آپ کارکردگی دکھاتے ہیں لیکن اگر آپ دباؤ کا شکار ہیں یا دیگر چیزوں سے پریشان ہیں تو آپ کھیل نہیں پائیں گے’۔

وہاب ریاض کاؤنٹی کرکٹ میں شرکت کرنے کی غرض سے انگلینڈ میں موجود ہیں اسی لیے انھوں نے قومی ٹیم کے کاکول اور لاہور میں تربیتی کیمپ میں شرکت نہیں کی تھی۔

انگلینڈ کے خلاف سیریز پر بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ‘تماشائیوں کو آپ کچھ نہیں کہ سکتے، لوگ کرکٹ دیکھنے آتے ہیں اس لیے انھیں اپنی مرضی سے جشن منانے اورکچھ بھی کرنے کا حق حاصل ہے’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘تماشائی نیک خواہشات کا اظہار کریں یا برے خواہشات کا اظہار کریں وہ ہمارے ہاتھ میں نہیں ہے، چہروں پر مسکراہٹ لیے میدان میں جانا ہمارے ہاتھ میں ہے’۔

وہاب ریاض نے ورلڈ کپ 2015 میں آسٹریلیا کے خلاف یادگار اسپل سے پوری دنیا میں شہرت کمائی تھی جبکہ سابق عظیم کھلاڑیوں نے ان کی باؤلنگ کو شاندار قرار دیا تھا۔

فاسٹ باؤلر کا کہنا تھا کہ ‘ہم جانتے ہیں کہ ہمارا ہدف کیا ہے اور ہمیں کیا حاصل کرنا ہے اور ہمیں اس کو حاصل کرنا پڑے گا، ہمیں اپنی کرکٹ سے لطف اندوز ہونا پڑے گا اگر کوئی کچھ کہہ بھی دے تو ہمیں ہنسی کےساتھ ٹال دینا ہوگا’۔

محمد عامر کی انگلینڈ میں ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ‘انھوں (عامر) نے بہت محنت کی ہے اور گزشتہ پانچ سالوں میں انھوں نے بہت کچھ سیکھا ہے اور وہ پہلے سے زیادہ مضبوط ہوئے ہیں اور اپنی کارکردگی کے ذریعے تمام لوگوں کو جواب دینا چاہتے ہیں’۔

وہاب ریاض نے عامر کی حمایت کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ ‘بطور ٹیم اور ہماری انتظامیہ سمیت ہم سب محمد عامر کی مدد کریں گے، ہم سب اس کے ساتھ ہیں، جب بھی انھیں ہماری ضرورت ہوگی ہم سب اس کے ارد گرد ہوں گے’۔

انھوں نے کہا کہ ‘عامر کو اکیلا نہیں چھوڑا جائے گا وہ ہماری فیملی کا نوجوان ترین حصہ ہیں اس لیے وہ چھوٹے بھائیوں اور اکثر سینئرکھلاڑیوں کے لیے بیٹوں کی طرح ہیں’۔

‘ہم ان کی حوصلہ افزائی کریں گے کیونکہ ہم ان کی صلاحیتوں سے واقف ہیں اور جانتے ہیں کہ وہ کیسے پرفارم کرسکتے ہیں، اللہ کی مدد اور ہم سب کی حمایت سے وہ بہترین کارکردگی دکھائیں گے اور پاکستان ٹیم اس دورے میں اچھا کھیلے گی’۔

وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ ‘مصباح کی قیادت میں ہم سب متحد ہیں اور ہر وقت جیت کا سوچتے ہیں، وہ کپتان کی حیثیت سے ہراول دستے کا کردار ادا کرتے ہیں، یہ سیریز ہمارے لیے اہم اور ہم جیت کے لیے پرعزم ہیں’۔

پاکستان ٹیم 14 جولائی کو ٹیسٹ میچ سے دورے کا باقاعدہ آغاز کرے گی۔

Source. Dawn News

Leave a Reply

Be the First to Comment!


wpDiscuz