اوول ٹیسٹ میں کامیابی کے باوجود پاکستان بدستور تیسرے نمبر پر

15 August 2016

لندن: انگلینڈ کے خلاف اوول ٹیسٹ میں شاندار کامیابی کے باوجود پاکستان کرکٹ ٹیم انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی ٹیسٹ رینکنگ میں بدستور تیسرے نمبر پر ہے۔

آئی سی سی نے پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹیسٹ سیریز ختم ہونے کے بعد تازہ ترین آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ کا اعلان کردیا جس کے مطابق انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز 2-2 سے برابر کرنے کے باوجود ٹیسٹ رینکنگ میں 111 پوائنٹس کے ساتھ پاکستان کی تیسری پوزیشن برقرار رہے جبکہ انگلینڈ 108 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر موجود ہے۔

پاکستان نے 14 اگست یوم آزادی کے موقع پر انگلینڈ کو اوول ٹیسٹ میں شکست دے کر قوم کو یوم آزادی کا تحفہ دیا تھا، گرین شرٹس نے چوتھے ٹیسٹ میں 10 وکٹوں کے بڑے مارجن سے کامیابی حاصل کرکے سیریز 2-2 سے برابر کردی تھی۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے تجربہ کار بلے باز یونس خان اور یاسر شاہ نے پاکستان کی جیت میں اہم کردار ادا کیا، انہوں نے انگلینڈ کے خلاف اوول ٹیسٹ میں اپنی کیریئر کی چھٹی ڈبل سنچری مکمل کرکے جاوید میانداد کا پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ ڈبل سنچریاں بنانے کا ریکارڈ برابر کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔

البتہ پاکستان کے پاس اب بھی آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر پہنچنے کا امکان موجود ہے، اگر سری لنکا ٹیسٹ سیریز میں عالمی چیمپیئن آسٹریلیا کے خلاف 0-2 سے کامیابی حاصل کرلے یا ویسٹ انڈیز اور ہندوستان کے درمیان ٹیسٹ سیریز برابر ہوجائے، تو پاکستان ٹیسٹ رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر آسکتا ہے۔

پاکستان کا عالمی درجہ بندی میں نمبر ون ٹیم بننے کا انحصار سری لنکا کی آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کی ہندوستان کے خلاف فتح پر ہے، پاکستان نے آخری بار 2003 میں دنیا کی نمبر ون ٹیسٹ ٹیم بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

پاکستان گزشتہ برس متحدہ عرب امارات میں انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز جیتنے کے بعد دوسرے نمبر پر تھا۔

ادھر آسٹریلیا کو اپنی رینکنگ بچانے کے لیے سری لنکا کے خلاف ہر صورت کامیابی اور ویسٹ انڈیز کو ہندوستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز ڈرا کرنا ہوگا جبکہ ہندوستان کو پہلی پوزیشن تک رسائی کے لیے ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز جیتنی ہوگی۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق آسٹریلیا 118 پوائنٹس کے ساتھ پہلے، ہندوستان 112 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے، پاکستان 111 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے، انگلینڈ 108 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے، نیوزی لینڈ 99 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں، جنوبی افریقا 92 پوائنٹس کے چھٹے، سری لنکا 85 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں، ویسٹ انڈیز آٹھویں، بنگلہ دیش 57 پوائنٹس کے ساتھ نویں اور زمبابوے 8 پوائنٹس کے ساتھ دسویں نمبر پر ہے۔

Source. Dawn News

Leave a Reply

Be the First to Comment!


wpDiscuz