مصباح نے جیت کو حنیف محمد کے نام کر دیا:یونس خان چیمپئن کی طرح کھیلا، شاندار کھیل سے کھلاڑیوں نے جوان کر دیا: پاکستانی کپتان

14 August 2016

اوول(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستانی ٹیسٹ کپتان مصباح الحق نے انگلینڈ کیخلاف جیت کو سابق پاکستانی لیجنڈ کرکٹر حنیف محمد کے نام کر دیا ہے۔ میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے مصباح کا کہنا تھا کہ یہ جیت ہماری جانب سے عوام کو آزادی کا تحفہ ہے۔دو میچ ہارنے کے بعد شائقین مایوس تھے لیکن ان کی سپورٹ ہمیشہ ہمارے ساتھ رہی۔برمنگھم میں ہار کے بعد ٹیم نے متحد ہوکر کھیلا۔ہم تیسرے میچ میں بھی اچھا کھیلے لیکن بدقسمتی سے فتح حاصل نہ کر سکے۔انہوں نے کہا کہ چوتھے ٹیسٹ میں ٹیم نے انتہائی شاندار کھیل پیش کیا۔ یاسر شاہ نے شاندار باولنگ کی ان کا جیت میں کلیدی رول ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ یونس خان ایک چیمپئن بلے باز ہے اس نے ایک چیمپئن کی طرح کھیلا اور ہمیں فتح کی جانب گامزن کیا۔ یونس نے دباو میں کھیل کر ثابت کیا کہ وہ ایک چیمپئن ہے۔ان کا کہنا تھا کہ عمر کبھی میرے سامنے رکاوٹ نہیں بنی۔جس طرح کھلاڑی کھیل رہے ہیں میں ان کو دیکھ کر جوان ہو گیا ہوں۔ نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کیخلاف سیریز کے بارے میں ابھی نہیں سوچا۔ وقت آیا تو اس کے بارے میں بھی فیصلہ کرونگا۔ انہوں نے گراونڈ میں موجود پاکستانی اور انگلش تماشائیوں کی جانب سے سپورٹ پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ 

Source. Daily Pakistan

Leave a Reply

Be the First to Comment!


wpDiscuz