آفریدی نے ایک اور متنازعہ بیان داغ دیا، معذرت کے ساتھ، پاکستان میں ٹیلنٹ نہیں ہے :آل راؤنڈر

13 July 2016

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور سپر سٹار بلے باز شاہد خان آفریدی نے ایک اور متنازعہ بیان داغ دیا جس کے سامنے آتے ہی سوشل میڈیا پر نیا ہنگامہ برپا ہوگیا جبکہ پی سی بی نے بھی نوٹس لے لیا، شاہدآفریدی کہتے ہیں کہ معذرت کے ساتھ پاکستان میں ٹیلنٹ نہیں۔خواتین مردوں سے زیادہ مشکل حالات میں کرکٹ کھیل رہی ہیں ،بورڈ میں بہت کچھ ٹھیک ہونے والا ہے۔عزت سے کھیلا ہوں اور عزت سے ہی ریٹائر ہوجاوں گا۔ آفریدی کا کہنا ہے پاکستان کرکٹ بورڈ میں بہت کچھ ٹھیک ہو سکتا ہے لیکن اگر وہ کچھ کہیں گے تو اگلی صبح انھیں نوٹس مل جائے گا۔

بی بی سی اردو کے ساتھ ایک خصوصی انٹرویو میں شاہد آفریدی سے جب یہ پوچھا گیا کہ بورڈ کرکٹ کے انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کے لیے کیا کر رہا ہے اور کون سی چیزیں ٹھیک ہونی چاہئیں تو آفریدی نے کہا ’اس وقت ان کے پاس سینٹرل کنٹریکٹ ہے لہٰذا اگر وہ کچھ کہیں گے تو انھیں نوٹس مل جائے گا اس لیے وہ مناسب وقت پر بات کریں گے لیکن ان کے بقول بہت کچھ ٹھیک ہونا ہے۔‘

ریٹائرمنٹ پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا پہلے ان کا ارادہ یہ تھا کہ ایک اچھی ٹیم بنا کر ریٹائر ہوں لیکن ایسا نہیں ہو سکا پھر انھوں نے فیصلہ کیا کہ اگر موجودہ ٹیم کے کھلاڑی کھیل سکتے ہیں تو میں ان سے ابھی بھی بہتر ہوں۔ اسی لیے میں نے کپتانی چھوڑ دی کیونکہ ایک کھلاڑی کی حیثیت سے میں ابھی بھی ان سے بہت بہتر ہوں۔ان کا کہنا تھا ’میں کبھی بھی اپنے آپ کو ٹیم کے اوپر بوجھ رکھ کر کھیلا ہی نہیں ہوں۔ مجھے اللہ تعالی نے بڑی عزت سے کھلایا ہے، عزت سے ہی کھیلوں گا اور عزت ہی سے کرکٹ چھوڑوں گا۔‘

عامر کے حوالے سے آفریدی نے کہاانگلش میڈیا کاوطیرہ ہے کہ وہ ٹف ٹائم دینے والے کھلاڑیوں کو دباو میں لانے کی کوشش کرتاہے۔انہوں نے کہا ’میں سمجھتا ہوں کہ محمد عامر کم عمری میں کافی میچیور ہیں اور ذہنی طور پر ایک مضبوط لڑکے ہیں اور مجھے امید ہے کہ ان سے جو امیدیں ہیں وہ اس پر پورا اتریں گے۔‘

ایک سوال کہ اگر انھیں پاکستان کی کرکٹ ٹیم میں سلیکٹ نہ بھی کیا گیا تو آپ کو پرواہوگی؟تو انھوں نے کہا ’مجھے کوئی ایشو نہیں ہے۔‘ٹیم سلیکشن میں میرٹ کو کتنی اہمیت دی جاتی ہے؟ اس بارے میں شاہد آفریدی کا کہنا تھا ’ جس طریقے کا ٹیلنٹ اس وقت سامنے آ رہا ہے اور جس کے حوالے سے ہم بہت باتیں کرتے کہ پاکستان میں بڑا ٹیلنٹ ہے۔سوری نو ٹیلنٹ۔ پاکستان میں ابھی وہ ٹیلنٹ نہیں ہے جس لیول کی کرکٹ کی ڈیمانڈ ہے کھلاڑیوں کی۔‘

خواتین کرکٹ ٹیم کو بہتر بنانے کے لیے کیا اقدامات کیے جا سکتے ہیں؟ اس پر شاہد آفریدی نے مسکراتے ہوئے کہا پہلے مردوں کی ٹیم کو تو ٹھیک کر لیں۔‘انھوں نے کہا کہ اگر مردوں کے لیے سہولیات نہیں تو خود سوچیں کہ بیچاری خواتین کرکٹرز کن حالات میں کھیل رہی ہوں گی۔

Source. Daily Pakistan

Leave a Reply

Be the First to Comment!


wpDiscuz