فرانس یوروکپ کے پہلے میچ میں کامیاب

11 June 2016

پیرس:یوروکپ کے میزبان فرانس کی ٹیم نے رومانیا کے خلاف میچ کے آخری منٹ میں ڈیمرٹی پائیٹ کے گول کی بدولت 1-2 سے فتح حاصل کرلی۔

یورو کپ کاافتتاحی میچ گروپ اے کی ٹیموں میزبان فرانس اور رومانیا کے درمیان پیرس میں ہوا۔

فرانس نے 1984 کے یورو کپ اور 1998 کے ورلڈ کپ کی میزبانی کی تھی اور دونوں ٹائٹل اپنے نام کیا جبکہ اس دفعہ بھی ایونٹ کے لیے فیورٹ ہے۔

میچ کے 58 ویں منٹ میں فرانس کی جانب سے اولیور جیروڈ نے پائیٹ کی کراس پر سر کے ذریعے پہلا گول کیا جس کے جواب میں حریف ٹیم نے بھی بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا۔

رومانیہ کی جانب سے بوگدان اسٹینس نے صرف سات منٹ کے بعد گول کرکے مقابلہ 1-1 سے برابر کردیا جو میچ کے 88 ویں منٹ تک برقرار رہا تھا تاہم آخری 89 ویں منٹ میں دیمرتی پائیٹ نے شاندار گول کرکے میزبان ٹیم کو ڈرامائی فتح دلا دی۔

فرانس کے کوچ ڈیڈیئر ڈیچیمپس کا کہنا تھا کہ ‘ہمیں مشکل سے نکلنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا لیکن یہ ہمارے لیے اچھا ہے کہ پہلامیچ جیتے ہیں’۔

فرانس کی ٹیم اہم کھلاڑی کریم بینزیما کے بغیر کھیل رہی ہے جو اسپین کے مشہور کلب ریال میڈرڈ کے لیے کھیلتے ہیں اور حال ہی میں ان کے کلب نے چمپینز ٹرافی اپنے نام کی تھی۔

بینزیما نے اپنے ایک بیان میں فرنچ ٹیم کے کوچ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ انھیں نائیجیرین ہونے پر ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔

واضح رہے فرانس کے سابق مشہور فٹ بالر ایرک کینٹونا نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ ‘ڈیچیمپس نے کریم بینزیما اور حاتم بن عرفا کو شمالی افریقہ سے تعلق ہونے کے باعث ٹیم شامل میں نہیں کیا’۔

یورو کپ کا اگلا میچ گروپ اے کی ٹیموں البانیا اور سوئٹزرلینڈ کے درمیان 11 جون کو ہوگا جبکہ تیسرا میچ گروپ بی کی ٹیموں ویلز اور سلوواکیہ کے مابین کھیلا جائے گا۔

Source. Dawn News

Leave a Reply

Be the First to Comment!


wpDiscuz