چمپینزٹرافی: پاکستان، ہندوستان 4جون کو مدمقابل

01 June 2016

اوول: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے چمپینز ٹرافی 2017 کا شیڈول جاری کردیا ہے جس کے مطابق پاکستان اور ہندوستان اپنے ابتدائی میچ میں 4 جون کو مدمقابل ہوں گے۔

ایونٹ کے میزبان انگلینڈ کے شہر اوول میں ٹھیک ایک سال قبل چمپینز ٹرافی کے شیڈول کا اعلان کیا گیا ہے، جس میں تین ناک آؤٹ سمیت مجموعی طور پر 15 میچ کھیلے جائیں گے۔

یکم جون سے 18 جون 2017 تک جاری رہنے والی چمپینز ٹرافی میں آٹھ بڑی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، جنھیں 30 ستمبر 2015 کی درجہ بندی کے مطابق پہلی مرتبہ سیڈڈ میں تقسیم کیا گیا ہے۔

عالمی چمپیئن آسٹریلیا کو ٹاپ سیڈ رکھا گیا ہے جبکہ دفاعی چمپین ہندوستان کو سیکنڈ سیڈڈ ٹیم کا درجہ دیا گیا ہے، پاکستان کا سب آخری آٹھواں نمبر ہے۔

icc champions trophy

ویسٹ انڈیز ٹیم بدترین رینکنگ پر چمپینز ٹرافی میں جگہ بنانے میں ناکام رہی ہے۔

پاکستان ٹیم روایتی حریف ہندوستان کے خلاف میچ سے چمپینزٹرافی کا آغاز کرے گی۔

دفاعی چمپین ہندوستان اور پاکستان، چمپینز ٹرافی کے گروپ بی میں شامل ہیں، گروپ میں جنوبی افریقہ اور سری لنکا بھی شامل ہیں۔

گروپ اے میں عالمی چمپین آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، میزبان انگلینڈ اور بنگلہ دیش شامل ہے۔

آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹیو ڈیوڈ رچرڈسن کا کہنا تھا کہ ‘آئی سی سی چمپینز ٹرافی مختصر اور تیز ایونٹ ہے، جس کو کھلاڑی اور مداح سب پسند کریں گے’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘چمپینز ٹرافی 2017 نہ صرف ون ڈے مقابلہ ہے بلکہ یہ عظیم روایات کے مطابق ورلڈ کپ 2019 کے کوالیفائر سے محض چند مہنے قبل کھیلا جارہا ہے، جس کا ہر لمحہ اہم ہوگا’۔

ایک سال قبل شیڈول جاری کرنے کے حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ‘اس کا مقصد یہ ہے کہ تمام ٹیموں کو ایونٹ کی تیاریوں کے لیے کافی وقت دیا جائے تاکہ بھرپور تیاری کے ساتھ ٹیمیں انگلینڈ پہنچیں’۔

چمپینزٹرافی کا پہلا میچ یکم جون کو گروپ اے کی ٹییموں، میزبان انگلینڈ اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلا جائے گا، 2 جون کو آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ مدمقابل ہوں گی۔

گروہ بی کا پہلا میچ سری لنکا اور جنوبی افریقہ کے درمیان 3 جون کو ہوگا جبکہ اہم میچ روایتی حریف پاکستان اور ہندوستان کے درمیان 4 جون کو ایڈباسٹن میں کھیلا جائے گا۔

پاکستانی ٹیم اپنے دیگر میچوں میں 7 جون کو جنوبی افریقہ اور 12 جون کو سری لنکا کے خلاف کارڈف میں مدمقابل ہوگی۔

ٹورنامنٹ کا پہلا سیمی فائنل 14 جون کو کارڈف اور دوسرا سیمی فائنل 15 جون کو ایڈباسٹن میں ہوگا جبکہ فائنل اوول میں 18 جون کو کھیلا جائے گا۔

ICC-Champions-Trophy-2017-Schedule

چمپینز ٹرافی کے فائنل کے دوران بارش کی صورت میں اضافی دن بھی رکھا گیا ہے۔

Source. Dawn News

Leave a Reply

Be the First to Comment!


wpDiscuz