مصباح کی انگلینڈ کی سرزمین میں پہلی سنچری

15 July 2016

لارڈز: پاکستان نے مصباح الحق کی انگلینڈ کی سرزمین پر پہلے ٹیسٹ میچ میں شاندار سنچری کی بدولت سیریز کے پہلے میچ کے پہلے روز 6 وکٹوں کے نقصان پر 282 رنز بنا لیے۔

پاکستان اور انگلینڈ 6 سال بعد لارڈز کے کرکٹ گراؤنڈ میں مدمقابل ہیں جہاں پاکستانی کپتان مصباح الحق نے بیٹنگ کے لیے سازگار وکٹ پر ٹاس جیت کر پہلے بلے بازوں کو آزمانے کا فیصلہ کیا اور اپنی ذمہ دارانہ اننگز کے ذریعے فیصلے کو درست ثابت کر دیا۔

طویل عرصے بعد انگلینڈ کا دورہ کرنے والی قومی ٹیم کی جانب سے محمد حفیظ اور شاند مسعود نے محتاط انداز میں اننگز کا آغاز کیا اور ابتدائی دس اوورز میں کوئی وکٹ نہ گرنے دی لیکن اس دوران شان مسعود مسلسل جدوجہد کرتے نظر آئے۔

بالآخر 38 کے مجموعی اسکور پر شان مسعود کی ہمت جواب دے گئی اور سات رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے۔

محمد حفیظ اچھی فارم میں نظر آئے لیکن ایک غیر ضروری شاٹ کھیلنے کی کوشش میں 40 رنز کی اننگز کھیل کر وکٹ گنوا بیٹھے۔

اس کے بعد اظہر علی اور یونس وکٹ پر یکجا ہوئے اور کھانے کے وقفے تک مزید کوئی وکٹ نہ گرنے دی، جب کھانے کا وقفہ ہوا تو پاکستان نے دو وکٹ کے نقصان پر 76 رنز بنائے تھے تاہم وقفے کے فوری اظہر علی ایک رن کا اضافہ کرکے آؤٹ ہوئے۔

یونس خان اور مصباح الحق نے ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا اور دونوں تجربہ کار کھلاڑیوں نے انگلینڈ کے باؤلرز کا مقابلہ کیا لیکن یونس خان 134 کے مجوعے پر معین علی کو کیچ دے کر پویلین لوٹ گئے، وہ 33 رنز بنا کر آؤٹ ہونے والے چوتھے کھلاڑی تھے۔

Source. Dawn News

Leave a Reply

Be the First to Comment!


wpDiscuz