اوول ٹیسٹ میں پاکستان کی پوزیشن مستحکم

14 August 2016

لندن:پاکستان نے یونس خان کے 218 رنز کی شاندار کارکردگی کی بدولت انگلینڈ کے خلاف چوتھے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز پہلی اننگز میں 542 رنز بنائے اور 214 رنز کی برتری حاصل کرلی جبکہ انگلینڈ کے 4 بلے بازوں کو 88 رنز پر آؤٹ کردیا۔

اوول میں جاری سیریز کے چوتھے ٹیسٹ میں انگلینڈ نے پاکستان کی 214 رنز کی برتری کے بعد بیٹنگ شروع کی تو وہاب ریاض نے کپتان الیسٹرکک کو 14 رنز پر آؤٹ کردیا اور ہیلز 12 رنز بنا کر 49 کے اسکور پر یاسر شاہ کا نشانہ بنے۔

یاسر شاہ نے پاکستان کو تیسری وکٹ دلادی جب وینس صفر پر آؤٹ ہوئے اس وقت انگلینڈ کا اسکور 55 رنز تھا تاہم جوروٹ نے گیری بیلنس کے ساتھ اننگز کو آگے بڑھانے کی کوشش کی لیکن یاسر شاہ نے انھیں پویلین بھیج کر انگلینڈ کو شدید مشکلات سے دوچار کردیا۔

تیسرے روز کھیل کے اختتام پر انگلینڈ نے 4 وکٹوں پر 88 رنز بنائے تھے اور انھیں پاکستان کی 214 رنز کی برتری کو ختم کرنے کے لیے مزید 126 رنز درکار ہیں۔

گیری بیلنس 4 اور جونی بیئراسٹو 14 رنز بنا کر کھیل رہے تھے۔

پاکستان کی جانب سے یاسرشاہ نے 3 اور وہاب ریاض نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

قبل ازیں اوول میں کھیلے جارہے سیریز کے چوتھے ٹیسٹ کے تیسرے روز پاکستان نے کھیل کا آغاز کیا تو یونس خان 101 رنز پر کھیل رہے تھے جبکہ پاکستان کا اسکور 6 وکٹوں کے نقصان پر 340 رنز تھا۔

سرفرازاحمد نے 44 رنز بنائے اور یونس خان کے ساتھ 77 رنز کی شراکت قائم کرنے کے بعد آؤٹ ہوئے، انھیں ووکس نے نشانہ بنایا۔

پاکستان نے چائے کے وقفے تک 7 وکٹوں کے نقصان پر 417 رنز بنائے تھے اور 89 رنز کی برتری حاصل تھی۔

یونس خان 147 رنز بنا کر وکٹ پر موجود تھے اور وہاب ریاض ایک رن بنا کر ان کا ساتھ دے رہے تھے تاہم کھانے کے وقفے کے بعد تجربہ کار بلے باز نے جارحانہ انداز میں بٹینگ کا مظاہرہ کیا اور پاکستان کی پوزیشن مزید مستحکم بناتے ہوئے کیریئر کی چھٹی ڈبل سنچری مکمل کی۔

وہاب ریاض آؤٹ ہونے والے ساتویں بلے باز تھے جنھوں نے 4 رنز بنا کر یونس کے ساتھ 37 رنز کی شراکت قائم کی۔

یونس خان نے پاکستان کا اسکور 531 تک پہنچایا اور218 رنز کی اننگز کھیل کر جیمز اینڈرسن کی گیند پر آؤٹ ہوئے تاہم محمد عامر نے آخر تک کھڑے رہے جبکہ پاکستان کا مجموعی اسکور 542 رنز رہا۔

پاکستان کی جانب سے آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی سہیل خان جو 2 رنز بنا کر فن کا شکار بنے، محمد عامر نے آؤٹ ہوئے بغیر39 رنز بنائے۔

انگلینڈ کی جانب سے فن اور کرس ووکس نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں، معین علی نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

قبل ازیں انگلینڈ نے معین علی کے 108 رنز کی بدولت پہلی اننگز میں 328 رنز بنائے تھے۔

 Source. Dawn News

Leave a Reply

Be the First to Comment!


wpDiscuz