میسی نے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ واپس لے لیا

13 August 2016

بیونس آئرس: ارجنٹائن کے مشہور فٹبالر لیونل میسی نے انٹرنیشنل فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ واپس لے لیا، جس کے بعد انھیں فیفا ورلڈ کپ 2018 کوالیفائرز کے لیے ارجنٹائن کے اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا۔

29 سالہ شہرت یافتہ فٹبالر نے کوپا امریکا کپ 2016 کے فائنل میں چلی کے خلاف ارجنٹینا کی شکست پر بین الاقوامی فٹ بال سے کنارہ کشی کا اعلان کردیا تھا۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق میسی نے اپنے بیان میں کہا کہ انھوں نے ’ملک کی محبت اور ٹیم میں رہ کر مدد کرنے کے لیے فٹبال کی دنیا میں واپس آنے کا فیصلہ کیا ہے۔‘

لیونل میسی رواں برس ستمبر کے آغاز میں ورلڈ کپ کوالیفائرز 2016 میں یورو گوائے اور وینزویلا کے خلاف ایکشن میں نظر آئیں گے۔

میسی نے کوپا امریکا کپ 2016 کے فائنل میں چلی کے خلاف پینالٹی ضائع کرنے کے بعد فٹبال کی دنیا کو خیر باد کہہ دیا تھا۔

واضح رہے کہ چلی نے ارجنٹینا کو ہرا مسلسل دوسری بار کوپا امریکا کپ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا تھا، فائنل میچ مقررہ وقت تک بغیر کسی گول کے برابر رہا جس کے بعد پینالٹی شوٹ آؤٹ پر چلی نے 0-4 سے فتح اپنے نام کی۔

5 مرتبہ فیفا کا ‘بیلن ڈی اور’ ایوارڈ جیتنے والے میسی کا کہنا ہے کہ ‘کوپا امریکا کپ کے فائنل میچ کی رات میرے ذہن میں کئی خیالات آرہے تھے جس کے بعد میں نے سنجیدگی سے فٹبال سے ریٹائرمنٹ لینے کا فیصلہ کیا لیکن میں اپنے وطن محبت کرتا ہوں اور میری محبت میرے وطن اور شرٹ کے لیے بہت عظیم ہے۔‘

لیونل میسی نے ارجنٹینا کو 2008 بیجنگ اولمپکس میں طلائی تمغہ جتوانے میں اہم کردار ادا کیا تھا تاہم 2014 کے ورلڈ کپ فائنل میں ارجنٹینا کو جرمنی کے ہاتھوں 0-1 سے شکست ہوئی تھی۔

Source. Dawn News

Leave a Reply

Be the First to Comment!


wpDiscuz