’محمد علی ایک جملہ یا تبصرہ نہیں‘

10 June 2016

پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان کا کہنا ہے کہ محمد علی میں ناقابل شکست ہونے کی خود اعتمادی انھوں نے آج تک باکسنگ کی کسی دوسرے کھلاڑی میں نہیں دیکھی۔

بی بی سی اردو کو دیے گئے ایک خصوصی انٹریو میں سابق لائٹ ویٹ عالمی چیمپئین کا کہنا تھا کہ وہ محمد علی ہی تھے جن کی آمد اور پے در پے فتوحات سے باکسنگ بے انتہا مقبول ہوئی۔

خیال رہے کہ عظیم باکسر محمد علی گذشتہ جمعے 74 سال کی عمر میں چل بسے تھے۔ اور امریکہ کی ریاست کینٹکی میں باکسر محمد علی کے مداح اور دیگر افراد ان کے آبائی شہر لوئی ول میں دعائیہ تقریب میں شرکت کر رہے ہیں۔

عامر خان کا کہنا تھا کہ انھیں زندگی میں دو بار محمد علی ملنے کا شرف حاصل ہوا اور انھیں قریب سے دیکھنے نے میرے اعتماد میں بےحد اضافہ کیا۔ ان کے بقول محمد علی کی شخصیت اور کرشمہ ایسا تھا کہ لوگ ان کی طرف کھچے چلے آتے تھے۔

عامر خان جو کہ آج دن تک محمد علی کی فائٹس دیکھتے ہیں کا کہنا تھا کہ محمد علی کی زندگی کے کئی پہلو ہیں، جہاں تک ان کی باکسنگ کا تعلق ہے تو انھوں نے اپنے کیرئیر بہت سی ناممکن فتوحات حاصل کیں۔

’وہ جب سونی لٹسن سے مدمقابل تھے تو انھیں کوئی گھاس تک نہیں ڈال رہا تھا۔ یہی توقع کی جا رہی تھی کہ لٹسن محمد علی کو باکسنگ رنگ میں تباہ کر دیں گے۔ لیکن انھوں نے لٹسن کو ہرا کر سب کو حیران کر دیا۔‘

Image 

عامر خان کے بقول جورج فورمین کے خلاف ناقابل یقین فتح اور جو فریزر اور کن نوٹون کے خلاف ان کی شاندا فائٹس بکسنگ کے شائقین کے لیے ناقابل فرموش ہیں۔

محمد علی باکسنگ کے میدان سے باہر اپنے جارحانہ بیانات کے لیے بھی اکثر موضوع بحث رہتے۔ خصوصا نسل پرستی اور سیاہ فام آبادی کے ساتھ امتیازی سلوک پر اپنے خیالات کے کھلے اظہار پر وہ اکثر شہ سرخیوں میں رہتے۔

Image 

محمد علی کی وفات کے بعد سوشل میڈیا پر ان کی کئی کہاوتیں شیئر کی گئیں۔ جس پر تبصرہ کرتے ہوئے برطانوی ٹی وی سیلیبریٹی پیئرز مورگن نے سفید فاموں کی بارے میں محمد علی کے خیالات کا امریکی صدارتی انتخابات کے امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے مسلمانوں کے خلاف بیانات سے موازنہ کیا۔ پئیرز مورگن کو اپنی ٹویٹ پر خاصی تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

اس بارے میں کیے گئے سوال کے جواب میں عامر خان کا کہنا تھا کہ محمد علی کی نسل پرستی کے خلاف خیالات پر ان کے بچپن اور لڑکپن کے اثرات دیکھے جا سکتے ہیں۔ لیکن جیسے جیسے محمد علی عالمی افق پر چھاتے رہے ویسے ویسے ان کے خیالات میں تبدیلی آتی رہی۔

ان کا کہنا تھا کہ ’محمد علی نے نسل پرستی پر جو 25 سال قبل کہا تھا ان کے خیالات کی ایک سطر نکال کر اس پر بحث کرنا محمد علی سے ناانصافی ہے۔‘

عامر خان لاس ویگس میں میکسیکو کے باکسر ساؤل کینیلو الواریس سے ہارنے کے بعد آرام کو ترجیح دے رہے ہیں۔ ۔ ان کا کہنا تھا کہ انھوں نے ایک چھوٹا سا آپریشن کروایا ہے اور اس وقت اپنی فیملی کے ساتھ رمضان گزار رہے ہیں لیکن مناسب وقت پر وہ اپنی اگلی فائٹ کا اعلان کریں گے۔

Source. BBC Urdu

Leave a Reply

Be the First to Comment!


wpDiscuz