یوروکپ: پرتگال، ویلز کو شکست دے پر فائل میں پہنچ گیا

7 July 2016

پیرس: یوروکپ کے پہلے سیمی فائنل میں پرتگال نے ویلز کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے کر فائنل تک رسائی حاصل کرلی۔

فرانس کے شہر لیون میں یورو 2016 کے پہلے سیمی فائنل میں پرتگال نے ویلز کو 2-0 سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

میچ کا آغاز دونوں ٹیموں کی جانب سے محتاط انداز میں کیا گیا تھا اور دونوں ٹیموں کی کوشش تھی کہ اپنے حریف کو کسی قسم کا موقع فراہم نہ کیا جائے۔

پہلے ہاف کے اختتام پر میچ بغیر کسی گول کے برابر تھا، پرتگال کے اسٹار کھلاڑی رونالڈو کو دو چانس ملے تاہم وہ گول کرنے میں ناکام رہے۔

دوسری جانب پہلے ہاف کے دوران ویلز نے بھی پرتگال کے گول پر حملے کیے تاہم وہ بھی گول کرنے میں ناکام رہے۔

میچ کے 50 ویں منٹ میں رونالڈو نے ہیڈر کی مدد سے گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی جس کے کچھ منٹ کے بعد ہی پرتگال کے نانی نے دوسرا گول کرکے اپنی ٹیم کی پوزیشن مزید مستحکم کر دی، یہ دباؤ ویلز پر میچ کے آخری وقت تک قائم رہا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق رونالڈو نے ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل میں گول کرکے فرانس کے مائیکل پلانٹی کا یوروکپ میں 9 گول کرنے کا ریکارڈ بھی برابر کردیا ہے۔

رونالڈو اور نانی کے ایک ایک گول کی بدولت پرتگال یورو کپ کے فائنل تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہوا۔

رونالڈو اور نانی کے گولوں نے پرتگال کی ٹیم میں جیسے نئی روح پھونک دی اور اس کے بعد پرتگال نے ویلز کے گول پر تابڑ توڑ حملے کیے۔

یورو کپ کے پہلے سیمی فائنل کو دیکھنے کے لیے لیون کا اسٹیڈیم شائقین سے کھچا کھچ بھرا ہوا ہے۔

Source. Dawn News

Leave a Reply

Be the First to Comment!


wpDiscuz