پاکستان، سری لنکا اور انگلینڈ کی سیریز ”سپر سیریز“، فاتح ٹیم کو 25 ہزار پاﺅنڈ خصوصی انعام دیا جائے گا

23 May 2016

لیڈز (مانیٹرنگ ڈیسک) انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے پاکستان اور سری لنکا کے ساتھ سیریز کو ”سپر سیریز“ کا درجہ دیدیا ہے جس کے نتائج کا انحصار پوائنٹس سسٹم پر ہو گا اور اس کے اختتام پر سب سے زیادہ پوائنٹس کیساتھ فتح حاصل کرنے والی ٹیم کو 25 ہزار پاﺅنڈ کا خصوصی انعام دیا جائے گا۔ برطانوی کرکٹ بورڈ نے اس سیریز میں دلچسپی پیدا کرنے کیلئے خصوصی طور پر 25 ہزار پاﺅنڈ کے انعام کا اعلان کیا ہے۔

پوائنٹس سسٹم کی تفصیلات پہلے ہی سامنے آ چکی ہیں جس میں ٹیسٹ جیتنے پر 4 پوائنٹس اور ڈرا ہونے کی صورت میں دونوں ٹیموں کو 2,2 پوائنٹس ملنے ہیں، اس طرح سفید گیند کے ساتھ کھیلے گئے میچز میں کامیابی پر 2 جبکہ مقابلہ برابر ہونے یا میچ منسوخ ہونے پر دونوں ٹیموں کو 1,1 پوائنٹ ملے گا۔ اس طرح سیریز کے اختتام پر سب سے زیادہ پوائنٹس حاصل کرنے والی ٹیم فاتح قرار پائے گی اور 25 ہزار پاﺅنڈ کے انعام کی حقدار ہو گی۔

انگلش بورڈ کے ڈائریکٹر اور سابق کپتان اینڈریو سٹراس کا کہنا ہے کہ کرکٹ کا کھیل بڑی تیزی کیساتھ ارتقائی عمل سے گزررہا ہے اور بدلتی ہوئی صورتحال کا ادراک کرتے ہوئے انٹرنیشنل کرکٹ کے فروغ کیلئے اقدامات کرتے رہنا ہی ہماری ذمہ داری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سپر سیریز کا مرکزی خیال انٹرنیشنل کرکٹ میں کھیلے گئے ہر میچ کی اہمیت میں اضافہ کرنا ہے، ہمیں یقین ہے کہ اس نئے فارمیٹ سے کھیل شائقین اور کھلاڑیوں کیلئے زیادہ دلچسپی کا باعث بنا رہے گا۔

واضح رہے کہ انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا آغاز ہو چکا ہے اور افتتاحی میچ لیڈز کے کرکٹ گراﺅنڈ میں کھیلا جا رہا ہے۔ یہ سیریز بھی ”سپر سیریز“ میں شمار ہو گی اور اس کے بعد پاکستان کیساتھ کھیلی جانے والی سیریز کے بعد ہی مجموعی پوائنٹس کے ساتھ تینوں میں سے کسی ایک ٹیم کو فاتح قرار دیا جائے گا۔

Source. Daily Pakistan

Leave a Reply

Be the First to Comment!


wpDiscuz