عاقب جاوید متحدہ عرب امارات کے ہیڈ کوچ کے عہدے سے مستعفی

20 April 2016

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان کے سابق فاسٹ بولر عاقب جاوید متحدہ عرب امارات کے ہیڈ کوچ کے عہدے سے مستعفی ہو کر لاہور قلندر کی ٹیم سے وابستہ ہوگئے ہیں۔
نجی ٹی وی جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے سابق کرکٹر کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل ٹیموں کی کوچنگ کرنے میں وہ لطف نہیں رہا جو ابتدا کے دنوں میں ہوتا تھا ۔ پچھلے کئی سالوں سے ایک ہی کام کر رہاہوں لیکن اب کچھ نیا کرنا چاہتا تھا جس کی وجہ سے پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز لاہور قلندرز کے ڈائریکٹر کرکٹ کے طور پر معاہدہ کیا ہے جس کا باقاعدہ اعلان دو سے تین روز میں پریس کانفرنس کے ذریعے کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ لیگ کا سسٹم بالکل الگ ہوتا ہے جو کہ پرائیویٹ سیکٹر کے سپرد ہوتا ہے جس کی وجہ سے ٹیموں میں سیاست نہیں ہوتی اور لوگ اپنی ٹیم کو آگے جاتا دیکھنا چاہتے ہیں ۔ مجھے پی ایس ایل کے علاوہ بنگلہ دیشی لیگ، کیریبیئن لیگ اور دیگر ملکوں کی لیگز کی طرف سے کافی آفرز آئیں تاہم میں نے پی ایس ایل کو ترجیح دی ہے ۔
واضح رہے کہ عاقب جاوید قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ کے عہدے میں بھی دلچسپی ظاہر کرچکے ہیں ۔ دوسری طرف غیر ملکی کوچزمیں مکی آرتھر، اینڈی فلاور اور جمی سنڈرزنے پی سی بی میں درخواست جمع کرا دی ہے جبکہ پیٹر مورس اور سٹیورٹ لانے بھی کوچنگ کیلئے آمادگی ظاہر کر دی ہے۔

Source . Daily Pakistan

Leave a Reply

Be the First to Comment!


wpDiscuz