پہلا ٹی 20 : زمبابوے کے ہاتھوں انڈیا کو 2 رنز سے شکست

18 June 2016

ہرارے : زمبابوے نے دوطرفہ سیریز کے پہلے ٹی 20 میچ میں اعصاب شکن مقابلے کے بعد انڈیا کو 2 رنز سے اس وقت شکست دیدی جب مہندرا سنگھ دھونی آخری گیند پر کامیابی کے لیے چوکا مارنے میں ناکام رہے۔

ہرارے میں کھیلے جانے والے میچ میں زمبابوے نے پہلے کھیلتے ہوئے چھ کھلاڑیوں کے نقصان پر 170 رنز بنائے۔

ایلٹن چگمبرا 26 گیندوں پرسات چھکوں اور یاک چوکے کی مدد سے 54 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیلی جبکہ میلکم والر 30 رنز بناکر دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔

جواب میں 171 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انڈین ٹیم کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں۔

انڈیا کو آخری اوور میں جیت کے لیے 8 رنز درکار تھے تاہم کریز پر کپتان دھونی کی موجودگی کے باوجود انڈین ٹیم کو 2 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

زمبابوین بائولر نیویلے میڈزیوا نے آخری اوور کیا اور صرف 5 رنز دیئے، جبکہ خطرناک بن جانے والے اکشر پٹیل کو بھی پویلین واپس بھیجا۔

ایلٹن چگمبرا کو شاندار بلے بازی پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

اس سے پہلے انڈیا نے 3 ون ڈے میچز کی سیریز 3-0 صفر سے اپنے نام کی تھی اور توقع کی جارہی تھی کہ 3 ٹی 20 میچز میں بھی اس کی بالادستی برقرار رہے گی۔

Source. Dawn News

Leave a Reply

Be the First to Comment!


wpDiscuz