مصباح کے بعد اظہر کے امتحان کا آغاز

17 August 2016

ڈبلن: پاکستانی ٹیسٹ کپتان مصباح الحق کے بعد اظہر علی الیون کا جمعرات سے آئرلینڈ کے خلاف ایک روزہ انٹرنیشنل کرکٹ میچز میں امتحان شروع ہورہا ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق گرین شرٹس جمعرات کو انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز سے قبل ڈبلن کے مالا ہائیڈ اسٹیڈیم میں آئرلینڈ کے خلاف پہلے ون ڈے میں ایکشن میں نظر ائے گی۔

رواں سال 14 اگست کو مصباح الیون نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چوتھے ٹیسٹ میں انگلینڈ کے خلاف 10 وکٹوں سے پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر قوم کو فتح کا تحفہ دیا تھا جس کی بدولت پاکستان ٹیسٹ سیریز 2-2 سے برابر کرنے میں کامیاب ہوا۔

انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے بعد اظہر الیون کو ون ڈے سیریز میں سخت چیلنج کا سامنا ہے، سمیع اسلم، محمد حفیظ، اظہر، محمد عامر، وہاب ریاض اور یاسر شاہ ون ڈے اسکواڈ میں جگہ بنانے میں برقرار رہے جبکہ فاسٹ بولر عمر گل کی ون ڈے کرکٹ میں واپسی ہوئی ہے۔

32 سالہ عمر گل کو ان کی انگلش کنڈیشنز میں تجربہ رکھنے کی وجہ سے دراز قد فاسٹ بولر محمد عرفان پر فوقیت دیتے ہوئے اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ تجربہ کار فاسٹ بولر 2007 کرکٹ ورلڈ کپ میں آئر لینڈ کے خلاف پاکستان ٹیم کا حصہ تھے، آئرلینڈ نے پاکستان کو 3 وکٹوں سے اپ سیٹ شکست ہوئی تھی، پاکستان کی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 132 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی جبکہ آئرلینڈ نے مطلوبہ ہدف 7وکٹوں کے نقصان پر پورا کر کے تاریخی کامیابی حاصل کی تھی۔

پاکستان ٹیم کے ون ڈے اسکواڈ میں ایک نئے کھلاڑی حسن علی کو بھی شامل کیا گیا، 22 سالہ حسن علی نے حال ہی میں پاکستان اے ٹیم کی جانب سے دورے انگلینڈ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سلیکٹرز کی توجہ حاصل کی تھی۔

پاکستان ٹیم کے ایک اور کرکٹر محمد نواز کو ایک روزہ ٹیم کا حصہ بنایا گیا جبکہ توقع ہے کہ ان کو انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بھی کھیلنے کا موقع دیا جائے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی آفیشل ویب سائٹ کے مطابق پاکستان، آئرلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں حصہ لینے کے لیے ٹیم ڈبلن کے شہر پہنچ گئی، پی سی بی نے ٹیم کے ڈبلن پہنچنے کی تصویر ٹوئٹر پر اپ لوڈ کی ہے۔

دوسری جانب آئرلینڈ ٹیم اپنے اہم فاسٹ بولر بوائیڈ رینکن کی انجری کی وجہ سے سخت مشکلات سے دوچار ہے، انگلش کاؤنٹی چیمپپئن شپ میں سرے کے خلاف میچ کی تیاری کے دوران ورکشائر کے فاسٹ بولر بوائیڈ رینکن کا بایاں پاؤں فریکچر ہوگیا تھا جس کے بعد وہ آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز سے بھی باہر ہو گئے۔

آئرش ٹیم نے بوائیڈ رینکن کی جگہ کریگ ینگ کو 14 رکنی اسکواڈ میں شامل کرلیا ہے۔

پاکستان اور آئرلینڈ کے خلاف دو ون ڈے سیریز پر مشتمل دوسرا ون ڈے ہفتے 20 اگست کو مالا ہائیڈ کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔

Source. Dawn News

Leave a Reply

Be the First to Comment!


wpDiscuz