پرتگال تاریخ میں پہلی بار یورپیئن چیمپیئن بن گیا

11 July 2016

پیرس: کرسٹیانو رونالڈو کی قیادت میں پرتگال تاریخ میں پہلی بار یورپیئن چیمپیئن بن گیا۔

متبادل کھلاڑی ایڈرز کے گول کی بدولت پرتگال نے فیورٹ فرانس کے خلاف 0-1 سے کامیابی حاصل کرکے یورو کپ 2016 جیت لیا۔

پیرس کے سینٹ ڈینس گراؤنڈ میں کھیلےگئے یورو فٹبال کپ 2016 کے فیصلہ کن معرکے میں پرتگال اور میزبان فرانس کی ٹیموں نے ابتدا ہی سے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔ نویں منٹ میں میزبان ٹیم کو گول کرنے کے دو بہترین مواقع ملے لیکن پرتگالی گول کیپر نے گیند کو جال تک نہ پہنچنے دیا۔

پرتگال ٹیم کے قائد کرسٹیانو رونالڈو 2016 یورو کپ ٹرافی اٹھائے ہوئے ساتھی فبٹالر کے ساتھ خوشی کا اظہار کررہے ہیں—۔فوٹو/ اے ایف پی

24ویں منٹ میں پرتگالی ٹیم کے قائد رونالڈو زخمی ہوکر مقابلے سے باہر ہوگئے، پہلے ہاف میں کوئی بھی گول نہ ہوسکا۔

اسی طرح دوسرے ہاف میں دونوں ٹیموں نے منظم کھیل پیش کرتے ہوئے کوئی گول نہیں ہونے دیا، فرانس کو فائنل تک پہنچانے والے گریز مین بھی میچ میں کوئی خاص کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں ناکام رہے۔

مقررہ وقت میں میچ کا اسکور برابر تھا تاہم اضافی وقت میں پرتگال کے متبادل کھلاڑی ایڈر نے خوبصورت کک لگا کر میچ کا واحد اور فیصلہ کن گول کیا اور ٹیم کو پہلی بار یورپیئن چیمپیئن بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

فرانسیسی ٹیم کے کوچ 2016 یورو کپ کے فائنل میں پرتگال کے خلاف شکست پر کھلاڑیوں کو تسلی دے رہے ہیں—۔فوٹو/ اے ایف پی

واضح رہے کہ پرتگال کی ٹیم یورو کپ کی تاریخ میں پہلی ٹیم بن گئی جس نے ایک ہی ٹورنامنٹ میں اضافی وقت میں گول کرکے میچ جیتا۔

خیال رہے کہ پرتگال نے ٹورنامنٹ کے 35 میچوں کے بعد پہلی بار یورپیئن چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔

2004 میں پرتگال کی ٹیم پہلی بار فائنل میں پہنچی تھی تاہم یونان کے ہاتھوں 0-1 سے شکست کھا گئی تھی۔

Source. Dawn News

Leave a Reply

Be the First to Comment!


wpDiscuz