ایجبسٹن ٹیسٹ: انگلینڈ نے پاکستان کو شکست دیدی

8 August 2016

برمنگھم : ایجبسٹن میں جاری تیسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو 141 رنز سے شکست دے دی۔

میچ کے آخری دن انگلینڈ نے پاکستان کو جیت کے لیے 343 رنز کا ہدف دیا تھا تاہم پاکستانی ٹیم 201 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔

میچ کے دوران پاکستانی بیٹنگ ایک بار پھر ناکام ہوگئی اور انگلینڈ نے چار میچوں کی سیریز میں 2-1 سے برتری حاصل کرلی ہے۔

پاکستان کی دوسری اننگ کے آغاز پر محمد حفیظ دو رنز بناکر اسٹورٹ براڈ کی گیند پر آﺅٹ ہوئے۔

جس کے بعد دوسری وکٹ کے لیے سمیع اسلم اور اظہر علی نے 73 رنز کی شراکت قائم کی جسے معین علی نے اظہر علی (38) کو آؤٹ کرکے توڑا۔

یونس خان چار، مصباح الحق 10، اسد شفیق اور سرفراز احمد صفر، یاسر شاہ 7، محمد عامر 16 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، جبکہ نوجوان اوپنر سمیع اسلم نے 70 رنز کی شاندار اننگ کھیلی۔

پاکستان کی جانب سے سہیل خان اور راحت علی نے آخر میں مزاحمت کرتے ہوئے 50 رنز کی پارٹنر شپ کی تاہم سہیل خان 36 رنز بناکر ہمت ہار گئے۔

انگلینڈ کی جانب سے جیمز اینڈرسن، اسٹورٹ براڈ، ووکس، اسٹیون فن اور معین علی نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل دن کے آغاز میں انگلینڈ نے اپنی دوسری اننگ کا آغاز 414 رنز پانچ وکٹوں کے نقصان پر دوبارہ شروع کیا۔

آغاز سے ہی انگلش بلے بازوں نے پاکستانی باﺅلرز کے خلاف جارحانہ انداز اپنایا اور معین علی نے یاسر شاہ کے پہلے اوور میں ایک چوکے اور دو چھکوں کے ساتھ اپنے عزائم کا اظہار کیا، تاہم پاکستانی لیگ اسپنر جونی بئیر اسٹو کی وکٹ لینے میں کامیاب رہے۔

معین علی نے 96 گیندوں پر 86 رنز بنائے جس کے بعد ایلسٹر کک نے انگلینڈ کی اننگ 445 رنز چھ کھلاڑیوں کے نقصان پر ڈیکلیئر کردی۔

ایجبسٹن میں جاری سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے جب چوتھے روز کھیل کا اختتام کیا تو معین علی 60 اور جونی بیئراسٹو 82 رنز بنا کر کھیل رہے تھے اور انگلینڈ نے پہلی اننگز میں خسارے میں جانے کے بعد دوسری اننگز میں 5 وکٹوں پر 414 رنز بنائے تھے۔

Source. Dawn News

Leave a Reply

Be the First to Comment!


wpDiscuz