سرفرازجیت کے ساتھ دورے کے اختتام کیلئے پرعزم

7 September 2016

لندن: پاکستان ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان سرفرازاحمد نے مصباح الحق سے سیکھے ہوئے سبق پر عمل کرتےہوئے انگلینڈ کے خلاف واحد ٹی ٹوئنٹی میں جیت کر بلند حوصلے کے ساتھ دورے کے اختتام کا عزم ظاہر کیا ہے۔

انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان واحد ٹی ٹوئنٹی بدھ کو کھیلا جائے گا جو سرفرازاحمد کا بطور کپتان پہلا میچ ہوگا۔

سرفرازاحمد نے پہلے میچ میں کپتانی کے حوالے سے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ‘میں کپتانی کے حوالے سے پرجوش ہوں، ملک کی نمائندگی کرنا بڑے فخر کی بات ہے لیکن میں قیادت کے لیے خوش ہوں’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘میں اس میچ میں مثبت کرکٹ کھیلتے ہوئے اور جیت کے ساتھ ہر طرح سے سربراہی کرنا چاہتا ہوں’۔

ایک روزہ کرکٹ میں ٹیم کی کارکردگی پر بات کرتے ہوئے سرفرازکا کہنا تھاکہ ‘ورلڈ کپ کے بعد ہم نئی ون ڈے ٹیم بنانے کی کوشش کررہے ہیں اور کارڈف میں جیت کے بعد حوصلے بلند ہیں’۔

انگلینڈ کے خلاف آخری ون ڈے میں جیت کو مثبت قراردینے والے ٹی ٹوئنٹی کپتان کا موقف تھا کہ ‘سیریز میں 0-4 کے خسارے میں جانے کے بعد جیت ایک مثبت چیز ہے اور ایشیا سے باہر 300 کا ہدف حاصل کرنا بڑی کامیابی ہے’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘ہم پراعتماد ہیں، ہم نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ نئی ٹیم ترتیب دینے میں مصروف ہیں اور انگلینڈ اور آسٹریلیا کی طرح ٹی ٹوئنٹی کھیلنے کے لیے پراعتماد ہیں’۔

پاکستان کی تاریخ کے کامیاب ترین ٹیسٹ کپتان مصباح الحق کو پراثر کھلاڑی قراردیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ‘میرے خیال میں مصباح پوری ٹیم کے لیے ایک مثال ہیں اور میں ان سے متاثر ہوں’۔

سرفراز کا کہنا ہے کہ ‘میں نے ان سے سیکھا ہے اور بہترین کرنے کی کوشش کررہا ہوں’۔

انھوں نے کہا کہ ‘ہم نے اس دورے میں بہت لطف اٹھایا اور لوگوں کو خوش آمدید کرتے ہوئے پایا اور ہمیں امید ہے کہ ہم میچ جیت کر بلند حوصلے کے ساتھ دورے کا اختتام کریں گے’۔

پاکستانی ٹیم سیریز کا واحد ٹی ٹوئنٹی میچ 7 ستمبر کو کھیلے گی۔

Source. Dawn News

Leave a Reply

Be the First to Comment!


wpDiscuz