وارد اور موبی لنک صارفین کیلئے بڑی خوشخبری، تہری جی اور چار جی سے متعلق ایسا کام شروع ہو گیا جس کا سب کو بے صبری سے انتظار تھا

26 September 2016

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) وارد ٹیلی کام کے صارفین کیلئے خوشخبری ہے کہ وہ بہت جلد اب چار جی ایل ٹی ای کے ساتھ ساتھ تہری جی سروس کے مزے بھی اٹھا سکیں گے کیونکہ موبی لنک اور وارد نے وارد نیٹ ورک کے صارفین کیلئے تہری جی سروس کی ٹیسٹنگ شروع کر دی ہے۔ اس سے قبل موبی لنک صارفین کو صرف تہری جی انٹرنیٹ کی سہولت میسر تھی جبکہ وارد صارفین صرف چار جی ایل ٹی ای سروس ہی استعمال کر سکتے تھے۔

نجی ویب سائٹ کے مطابق وارد اور موبی لنک کی جانب سے صارفین کیلئے تہری جی سروس فراہم کرنے کیلئے تجربات شروع کر دئیے گئے ہیں تاہم ابھی تک یہ سروس فراہم کرنے کی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا لیکن مستند ذرائع کا کہنا ہے کہ رواں سال اکتوبر اور نومبر میں یہ سروس صارفین کو مہیا کر دی جائے گی جس کے بعد وارد صارفین تہری جی انٹرنیٹ سے بھی محظوظ ہو سکیں گے۔ رپورٹ کے مطابق مختلف ممالک میں اکثر مقامات پر سمارٹ فون کے ذریعے نیٹ ورک سرچ کرنے پر وارد چارجی کیساتھ ساتھ وارد تہری جی کا نیٹ ورک بھی نظر آتا ہے جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ وارد صارفین کو  سروس مہیا کرنے کیلئے تجربات شروع کر دئیے گئے ہیں۔

موبی اور وارد کے ضم ہونے کے بعد دونوں کمپنیاں اب اپنا نیٹ ورک بھی ضم کر رہی ہیں جس کے باعث دونوں نیٹ ورک کے صارفین ایک ہی نیٹ ورک پر آ جائیں گے اور اس طرح دونوں موبی لنک اور وارد صارفین بغیر نیٹ ورک تبدیل کئے  تہری جی اور چار جی ایل ٹی ای سروس استعمال کر سکیں گے۔

رپورٹ کے مطابق متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ تجرباتی سروس مکمل ہونے کے بعد موبی لنک اور وارد کو آئندہ چند روز میں پی ٹی اے کی جانب سے این او سی مل جائے گا۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ وارد صارفین کیلئے تہری جی سروس کا آغاز ابتدائی طور پر بڑے شہروں میں کیا جائے گا جس کے بعد اس کو بتدریج پھیلایا جائے گا۔

 Source. Daily Pakistan

Leave a Reply

Be the First to Comment!


wpDiscuz