کراچی: ایم کیو ایم کے مشتعل کارکنوں کا نجی چینل پر حملہ

22 August 2016

کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے مشتعل کارکنان نے صدر کی زینب مارکیٹ کے قریب موجود عمارت میں قائم اے آر وائی نیوز کے دفتر میں گھس کر نعرے بازی اور توڑ پھوڑ کی۔

مشتعل افراد کو روکنے کیلئے پولیس کی جانب سے ہوائی فائرنگ کی گئی جس کے بعد ایم کیو ایم کے مشتعل کارکنوں نے گورنر ہاؤس کے قریب موجود ایک پولیس وین کو بھی آگ لگا دی۔

ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم کے کارکن پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرے میں شریک تھے اس دوران ایم کیو ایم رہنما الطاف حسین نے اپنی تقریر میں کارکنوں کو ٹی وی چینلز کے خلاف اشتعال دلایا تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مظاہرین کو منتشر کرنے اور علاقے کو محفوظ بنانے کیلئے رینجرز کی بھاری نفری کو بھیج دیا گیا ہے۔

ترجمان سندھ ہولیس کے مطابق میڈیا دفاتر پر مشتعل افراد کےحملے پتھراوُ ،فائرنگ کے واقعات کا آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نےانتہائی سخت نوٹس لیتے ہںوئے ڈی آئی جی ساوُتھ سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے ۔

انہوں نے پولیس کو ہدایات جاری کیں کہ فوری طور پر متاثرہ علاقوں میں نکلیں اور جائے وقوعہ سے مشتعل افراد کو منتشر کرنے اور ان کے خلاف سخت قانونی کاروائی جیسے اقدامات کو یقینی بنایا جائے ۔

انہوں نے ضلعی پولیس کو ہدایات جاری کیں کہ میڈیا دفاتر پر سیکورٹی مذید بڑھائی جائے اور شہر بھر میں پولیس گشت پیٹرولنگ مذید سخت کرتے ہںوئے شرپسند و قانون شکن عناصر کے ساتھ انتہائی سختی سے نمٹا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ متاثرہ علاقوں پر پولیس کنٹرول کے ضمن میں فوری طور پر ریزرو پلاٹونز تعینات کی جائیں اور تاکہ شہر کا امن تباہ کرنے اور میڈیا دفاتر پر حملے میں ملوث عناصر کے خلاف منظم کاروائیاں یقینی بنائی جاسکیں ۔

Source. Dawn News

Leave a Reply

Be the First to Comment!


wpDiscuz