خیبرپی کے میں بارشوں نے تباہی مچا دی‘ مختلف واقعات میں ماں بیٹی سمیت 6 افراد جاں بحق

12 May 2016

چارسدہ  (آئی این پی) خیبرپی کے میں بارشوں نے تباہی مچادی اور اس دوران مختلف حادثات میں 6 افراد جاں بحق جبکہ متعددزخمی ہوگئے۔

شدید بارشوں کے باعث چارسدہ کے علاقے تنگی میں ایک مکان کی چھت گرنے سے ماں بیٹی جاں بحق جبکہ 4 افراد زخمی ہو گئے۔ مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت گھر کا ملبہ ہٹا کر نعشوں اور زخمیوں کو باہر نکالا۔ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ ادھر لنڈی کوتل کے علاقے لوئے شلمان میں موٹر کار سیلابی ریلے میں بہہ جانے سے خاتون سمیت 4 افراد جاں بحق جبکہ دو شدید زخمی ہوگئے۔

ایک ہی گھر سے چار جنازے اٹھنے پر گاﺅں میں کہرام مچ گیا۔ اوگدہ میں گذشتہ رات بارش اور آندھی کے بعد علاقے میں ایک بڑا سیلاب امڈ آیا موٹر کار بہہ گئی جس میں وارث خان یوسف خیل کی بیوی سمیت 3 بچے عمر 6 سالہ ،8 سالہ بہن اور 14 سالہ نوجوان عمر خان جاں بحق ہوگئے۔ علاوہ ازیں رنگپور‘ جڑانوالہ اور دلے والا میں آسمانی بجلی گرنے سے3 افراد جاں بحق ہوگئے۔

رنگپور میں نواحی موضع محمود میں آسمانی بجلی گرنے سے نوجوان جاں بحق ہو گیا۔ گذشتہ روز نواحی گاﺅں محمود شہید کا رہائشی 25 سالہ نوجوان جمعہ خان اپنے ڈیرہ پر بارش کے دوران مویشی باندھ رہا تھا اس دوران اچانک اس پر آسمانی بجلی گر گئی‘ نوجوان چل بسا۔ جڑانوالہ سے گزشتہ شب چکمدار آسمانی بجلی گرنے سے ایک محنت کش اور اسکا گدھا جھلس کر جاں بحق ہو گیا۔ چک نمبر 633گ۔ ب کا محنت کش وارث علی عرف وسعی گزشتہ شب گد ھا ریڑھی پر چک نمبر 632گ۔ ب سے گندم لیکر گھر واپس آرہا تھا اچانک موسم خراب ہونے سے چمکدار آسمانی بجلی آ گری دونوں نے تڑپ تڑپ کر جان دیدی گھر والے مساجد میں اعلان کرواتے رہے۔ دلے والا کے نواحی علاقہ نسوا میں آسمانی بجلی گرنے سے 23 بھیڑیں اور بکریاں ہلاک ہوگئیں۔ گزشتہ روز علاقہ تھل میں شدید بارش اور ژالہ باری ہوئی۔ نواحی قصبہ سہوا میں آسمانی بجلی گرنے سے اللہ بخش اور مہر محمد کی 23 بھیڑیں اور بکریاں جھلس کر ہلاک جبکہ شدید بارش اور ڑالہ باری سے لاکھوں روپے کا بھوسہ ضائع ہو گیا۔

Source. Daily Pakistan

Leave a Reply

Be the First to Comment!


wpDiscuz