وزیراعظم کا امجد صابری کے اہل خانہ کیلئے ایک کروڑ روپے امداد کا اعلان:وفاقی حکومت بچوں کے تعلیمی اخراجات بھی اٹھائے گی

23 June 2016

کراچی: وزیر اعظم نواز شریف نے امجد صابری کے خاندان کے لیے ایک کروڑ روپے مالی امداد کا اعلان کردیا جبکہ قتل کے واقعے کا مقدمہ بھی درج کرلیا گیا۔

وزیر اعظم ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق نواز شریف کا کہنا تھا کہ امجد صابری کے بچوں کے اخراجات بھی وفاقی حکومت اٹھائے گی۔

انہوں نے کہا کہ امجد صابری مرحوم سچے عاشق رسول تھے، جنہوں نے پوری دنیا میں محبت اور برداشت کا پیغام پھیلایا۔

قتل کا مقدمہ درج

معروف قوال و نعت خواں امجد صابری کے قتل کا مقدمہ دہشت گردی کی دفعات کے تحت درج کرلیا گیا۔

امجد صابری کے قتل کا مقدمہ ان کے بھائی عظمت صابری کی مدعیت میں شریف آباد تھانے میں درج کیا گیا۔

شریف آباد تھانے کے اسٹیشن ہیڈ آفیسر (ایس ایچ او) عبد الرزاق کا کہنا تھا کہ مقدمے میں پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 302 (قتل)، 324 (اقدام قتل) اور 34 کے علاوہ انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997 کا سیکشن 7 کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مقدمے میں اقدام قتل کی دفعہ 324 اس لیے شامل کی گئی ہے کیونکہ بعد ازاں یہ حقیقت سامنے آئی کہ ایک خاتون مریم بھی، جو پیشے کے اعتبار سے نرس ہیں، فائرنگ کے واقعے میں زخمی ہوئیں اور انہیں کندھے پر معمولی زخم آئے۔

واضح رہے کہ امجد صابری کو گزشتہ روز 2 نامعلوم موٹر سائیکل ملزمان نے فائرنگ کرکے ہلاک کردیا تھا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ 40 سالہ امجد صابری اپنے ساتھ سلیم صابری کے ہمراہ افطار ٹرانسمیشن کے لیے نجی ٹی وی چینل کی جانب جارہے تھے کہ ملزمان نے ان کا پیچھا کرتے ہوئے لیاقت آباد نمبر 10 کے علاقے میں انہیں نشانہ بنایا۔

فائرنگ سے امجد صابری موقع پر ہی ہلاک، جبکہ ان کے ساتھی شدید زخمی ہوئے جنہیں عباسی شہید ہسپتال منتقل کیا گیا۔

امجد صابری کی نماز جنازہ ہزاروں سوگواران کی موجودگی میں آج دوپہر میں ادا کی گئی، جس کے بعد انہیں پاپوش نگر قبرستان میں والد کے پہلو میں سپرد خاک کردیا گیا۔

Source. Dawn News

Leave a Reply

Be the First to Comment!


wpDiscuz