قائم علی شاہ کی عمر کا معمہ حل ہونے کی امید دم توڑ گئی، سندھ اسمبلی ویب سائٹ سے عمر کا خانہ ہی ختم کردیا گیا

25 May 2016

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی عمر ہمیشہ سے ہی ایک راز رہی ہے جس سے آج تک پردہ نہیں اٹھایا جاسکا جس کی وجہ سے لوگ طرح طرح کے اندازے تو قائم کرتے ہیں مگر قائم علی شاہ کی عمر کا بھید نہیں جان پاتے۔ کسی کی عمر جاننے کا سب سے مستند ذریعہ قومی شناختی کارڈ کو سمجھا جاتا ہے مگر ارکان اسمبلی کے شناختی کارڈ ہر شخص تو نہیں دیکھ سکتا اس لیے اگر کسی شخص کو کسی رکن اسمبلی کی مکمل اور جامع معلومات حاصل کرنے کا شوق ہو تو وہ اسمبلی کی ویب سائٹ پر جا کر متعلقہ شخص کی مکمل معلومات حاصل کرسکتا ہے لیکن سندھ اسمبلی نے لوگوں کیلئے وزیر اعلیٰ کی عمر کا بھید پانے کی یہ سہولت ختم کردی ہے ۔

سندھ اسمبلی کی آفیشل ویب سائٹ پر وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی عمر کا خانہ ہی غائب کردیا گیا ہے جبکہ دیگر تمام ارکان کی عمرکے خانے موجود ہیں ۔ ویب سائٹ سے حاصل معلومات کے مطابق سندھ اسمبلی میں اس وقت (قائم علی شاہ کو چھوڑ کر ) سب سے بڑی عمر کے رکن اسمبلی سید سردار احمد ہیں جو کہ متحدہ قومی موومنٹ سے تعلق رکھتے ہیں اور ان کی تاریخ پیدائش 9 نومبر 1933 درج ہے ۔ دوسرے لفظوں میں یہ کہا جاسکتا ہے کہ سندھ اسمبلی میں سب سے معمر ترین رکن اسمبلی کی عمر 82 سال ہے ۔ علاوہ ازیں سندھ اسمبلی میں سب سے کم عمر پاکستان پیپلز پارٹی کی ثانیہ ناز ہیں جن کی عمر 19 اپریل 1988 درج ہے اور اس حساب سے ان کی عمر 28 سال ہے ۔

سندھ اسمبلی کی ویب سائٹ سے مایوس ہو کر جب گوگل بابا سے پوچھا گیا کہ شاہ جی کی عمر کتنی ہے تو انہوں نے جواب دیا کہ شاہ جی بھی 1933 میں ہی پیدا ہوئے ہیں اور ان کی موجودہ عمر83 سال ہے تاہم گوگل کی طرف سے دی جانے والی ان معلومات پر بھروسہ نہیں کیا جاسکتا۔

زیر نظر تصویر سندھ اسمبلی کی آفیشل ویب سائٹ کی ہے جس میں سے قائم علی شاہ کی عمر کا خانہ غائب ہے

Source. Daily Pakistan

Leave a Reply

Be the First to Comment!


wpDiscuz