اکتوبر 2016 : کون کونسی فلمیں سینما کی زینت بنیں گی

04 October 2016

فلمی شائقین ہر ماہ ہی ریلیز ہونے والی فلموں کا انتظار کرتے ہیں اور اس ماہ بھی کئی دلچسپ فلمیں سینما گھروں میں اپنی جگہ بنانے والی ہیں۔

 اب ہم نے اکتوبر میں ریلیز ہونے والی فلموں کی ایک فہرست ترتیب دی ہے۔

اس ماہ پاکستان میں ریلیز ہونے والی کسی فلم کی تاریخ سامنے نہیں آئی تاہم بولی وڈ اور ہولی وڈ کی کئی دلچسپ فلمیں ریلیز ہونے کو تیار ہیں۔

واضح رہے کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جاری کشیدہ کے باعث پاکستان نے بولی وڈ فلموں کی نمائش پر پابندی عائد کردی ہے۔

ویسے تو بولی وڈ کی کئی فلمیں اس ماہ ریلیز کی جائیں گی تاہم یہاں پر صرف چند مقبول فلموں کا ذکر کیا گیا ہے۔

بولی وڈ

اے دل ہے مشکل

ہدایت کار کرن جوہر کی فلم ’اے دل ہے مشکل‘ 28 اکتوبر کو ریلیز کی جائے گی، اس فلم میں رنبیر کپور، ایشوریا رائے بچن، انوشکا شرما اور فواد خان مرکزی کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔

اس فلم کی کہانی تو اب تک سامنے نہیں آئی تاہم اداکاروں کے کردار منظر عام پر آچکے ہیں، فلم میں رنبیر کپور گلوکار بنیں گے، انوشکا ان کی دوست اور فواد خان ایک ڈی جے کے روپ میں نظر آئیں گے۔

شیوے

اجے دیوگن کی پروڈکشن میں بننے والی فلم ’شیوے‘ بھی 28 اکتوبر کو کرن جوہر کی فلم کے مدمقابل ریلیز کی جائے گی، اس فلم میں خود اجے دیوگن مرکزی کردار ادا کررہے ہیں۔

فلم ’شیوے‘ کے حوالے سے خبریں تھیں کہ اجے دیوگن نے اس فلم کے لیے گزشتہ 5 سالوں سے کوئی فلم سائن نہیں کی۔

فلم شیوے ایک ایکشن فلم ہے جس کی کہانی اب تک سامنے نہیں آئی۔

ہولی وڈ

دی گرل آن دی ٹرین

یہ فلم ایک تھرلر ناول پر بنائی گئی ہے جسے 7 اکتوبر کو پیش کیا جائے گا، اس ناول کو نیو یارک ٹائمز میں بہترین ناول کا خطاب دیا گیا تھا۔

اس فلم کی کہانی تین خواتین کی زندگی پر مبنی ہے جو کسی نہ کسی پریشانی میں مبتلہ ہوکر منشیات کا استعمال شروع کردیتی ہیں۔

میکس سٹیل

ہولی وڈ فلم میکس اسٹیل 14 اکتوبر کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی، ایکشن سے بھرپور اس فلم میں ایک سپر ہیرو کو پیش کیا گیا ہے۔

کہانی میں دکھایا جائے گا کہ دو لوگ اپنی سپر پاورز کو ملا کر ایک کرلیں گے جو میکس سٹیل نامی ایک سپر ہیرو بنائیں گے۔

31

ہولی وڈ کی ہارر فلم 31 اس ماہ ریلیز ہونے والی واحد ہارر فلم ہے، 21 اکتوبر کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش ہونے والی اس فلم میں میلے میں کام کرنے والے 5 ایسے افراد کو دکھایا گیا ہے جنیں اغوا کرلیا جاتا ہے۔

اس کے بعد ان لوگوں کو اگلے 12 گھنٹوں تک کیلئے ایک کھیل کھیلنے پر مجبور کیا جائے گا جس میں یہ اپنی ہی زندگی اور موت کی جنگ کریں گے۔

انفرنو

28 اکتوبر کو دنیا بھر میں ریلیز ہونے والی فلم ’انفرنو‘ میں ہولی وڈ اداکار ٹام ہینکس مرکزی کردار ادا کررہے ہیں۔

اس تھرلر فلم کی کہانی اب تک سامنے نہیں آئی ہے، بولی وڈ اداکار عرفان خان بھی اس ہولی وڈ فلم میں ایک اہم کردار نبھاتے نظر آئیں گے۔

Source. Dawn News

Leave a Reply

Be the First to Comment!


wpDiscuz