آرمی چیف کا آفتاب احمد کی دوران حراست ہلاکت کی تحقیقات کا حکم

4 May 2016

راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ایم کیو ایم رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کے کو آرڈینیٹر آفتاب احمد کی دوران حراست ہلاکت کے واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آفتاب احمد کی دوران حراست ہلاکت کے حقائق جاننے کیلئے آرمی چیف نے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے ۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ہدایت کی کہ انصاف ہر حال میں ہونا چاہیے اور اس معاملے میں انصاف کے تقاضوں کو پورا کیا جائے۔

واضح رہے کہ آفتاب احمد ایم کیو ایم کے مرکزی رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کے کو آرڈینیٹر تھے اور انہیں اتوار کے روز رینجرز نے حراست میں لیا تھا جس کے بعد پیر کے روز انسداد دہشتگردی کی عدالت نے انہیں 90 روز کیلئے رینجرز کی تحویل میں دے دیا تھا تاہم منگل کے روز طبیعت بگڑنے پر آفتاب احمد کو جناح ہسپتال لایا گیا جہاں وہ صبح 8بج کر 20 منٹ پر انتقال کرگئے۔

ایم کیو ایم کی جانب سے الزام لگایا گیا کہ آفتاب احمد کی ہلاکت دوران حراست بدترین تشدد کی وجہ سے ہوئی ہے جس پر ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر نے واقعے میں ملوث اہلکاروں کو معطل کرکے اعلیٰ سطح کی انکوائری کا حکم دے دیا اور اب آرمی چیف نے بھی معاملے کی شفاف تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

Source. Daily Pakistan

Leave a Reply

Be the First to Comment!


wpDiscuz