کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں بارشیں

29 June 2016

کراچی: سندھ کے دارالحکومت کراچی سمیت صوبے کے متعدد شہروں میں بارش کے باعث گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔

ڈان نیوز کے مطابق کراچی میں اولڈ سٹی ایریا، ضلع وسطی، شرقی، غربی اور دیگر علاقوں میں گرج چمک اور تیز ہواوں کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی۔

تاہم بارش کے باعث کراچی کے متعدد علاقوں میں بجلی منقطع ہوگئی جس سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

ادھر بجلی منقطع ہونے کی وجہ سے دھابے جی پمپنگ اسٹیشن سے کراچی آنے والی پانی کی 72 انچ قطر کی پائپ لائن پھٹ گئی جس سے شہر میں پانی کی سپلائی متاثر ہوگئی۔

محکمہ موسمیات کے عہدیدار کا کہنا تھا کہ کراچی میں ایئرپورٹ کے علاقے میں 31 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ ناظم آباد کے علاقے میں 4.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات کے حکام کا کہنا ہے کہ بارش کا یہ سلسلہ آئندہ ایک سے دو روز تک جاری رہے گا، اس سے قبل محکمہ موسمیات نے کراچی میں ہلکی بارش کی پیش گوئی کی تھی۔

کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) کے ایڈمنسٹریٹر لئیق احمد نے تمام متعلقہ اداروں کو بارش سے نمٹنے کیلئے ضروری انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کردی اور ساتھ ہی مون سون بارشوں سے قبل کسی بھی ایمرجنسی صورت حال سے نمٹنے کیلئے تیار رہنے کی ہدایت بھی کی ہے۔

کے الیکٹرک کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بارش کے نتیجے میں شہر بھر کے 220 فیڈرز ٹرپ ہوئے جس میں سے 40 کو بحال کردیا گیا۔

کراچی میں تیز ہواوں اور موسلادھار بارش کے نتیجے میں گذشتہ کچھ روز سے جاری سخت گرم موسم میں تبدیلی آگئی۔

گذشتہ چند روز سے کراچی میں جاری گرم ترین موسم کے بعد ہونے والی بارش پر موسم کی تبدیلی کے حوالے سے شہریوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر اور انسٹاگرام پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

Source. Dawn News

Leave a Reply

Be the First to Comment!


wpDiscuz