سندھ حکومت نے نئی ملازمتوں پرعائد پابندی ختم کردی ،، نوٹیفکیشن جاری

19 October 2016

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک ) صوبائی حکومت نے سندھ بھر میں نئی ملازمتوں پر عائد پابندی ختم کر دی ۔

حکام کے مطابق ’تمام قسم کی ابتدائی بھرتیوں‘ پر سے پابندی ہٹانے کے چند ہفتوں بعد سندھ حکومت کی طرف سے وزارتوں کو 90 ہزار سے زائد آسامیوں پر بھرتی کے لیے اشتہارات جاری کرنے کے احکامات دیئے گئے ہیں۔

گریڈ ایک سے 15 تک کی ان آسامیوں پر بھرتی کے لیے 3 ماہ کا دورانیہ فراہم کیا گیا ہے، ساتھ ہی افسران کو میرٹ کا خیال رکھنے کے حوالے سے بھی خبردار کردیا گیا ہے، دوسری صورت میں ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

سندھ حکومت کے سروسز ڈپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں تمام وزارتوں کے سربراہان اور حکومتی اداروں کو اپنے محکموں میں محکماتی کمیٹیوں کی مدد سے ترقیوں اور ان ترقیوں کے نتیجے میں پیدا ہونے والی آسامیوں پر بنیادی جانچ پڑتال کے بعد جلد از جلد بھرتیوں کی ہدایات دی گئی ہیں۔

ابتک نیوز کے مطابق سندھ حکومت نے نئی ملازمتوں پر عائد پابندی اٹھا لی ہے جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جار ی کر دیا گیا ہے ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نوکریوں میں پانچ فیصد کوٹا خواتین اور 2 فیصد معذوروں اور اقلیتوں کے لیے رکھا گیا ہے، جبکہ سندھ روزگار سکیم ویب سائیٹ پر نوکریوں کی تشہیر ہوگی۔
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے گزشتہ ماہ سندھ بھر میں نوکریوں پر سے پابندی ختم کرنے کا اعلان کیا تھا، جبکہ سرکاری نوکریوں میں عمر کی حد بھی بڑھائی گئی تھی۔

Source. Daily Pakistan

Leave a Reply

Be the First to Comment!


wpDiscuz