مغربی ہوائیں آج سے پاکستان کا رخ کریں گی ، اتوار تک پنجاب سمیت دیگر مقامات پر بارشوں کا امکان ہے : محکمہ موسمیات

10 May 2016

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ) محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواوں کا ایک سلسلہ آج منگل کی شام سے پاکستان کے وسطی اور بالائی علاقوں میں داخل ہو گا۔

منگل سے اتوار کے دوران خیبر پختونخواہ، اسلام آباد، بالائی پنجاب (راولپنڈی ،گوجرانوالہ ،سرگودھا، لاہور اور فیصل آباد ڈویژن) کے مختلف علاقوں میں تیز ہواﺅں اور گرج چمک کےساتھ بارش کا امکان ہےجبکہ رواں ہفتہ کے دوران فاٹا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بھی تیز ہواﺅں اور گرج چمک کےساتھ بارش کی توقع ہے۔

ترجمان محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ منگل سے جمعہ کے دوران جنوبی پنجاب (ملتان، ڈی جی خان،بہاولپور ڈویژن)، شمال مشرقی بلوچستان (کوئٹہ،ژوب، قلات اور سبی ڈویژن) اور بالائی سندھ (سکھر اور لاڑکانہ ڈویڑن) میں چند ایک مقامات پر تیز ہواﺅں اور گرج چمک کےساتھ بارش کا امکان ہے

اس دوران تیز ہواﺅں /آندھی اور بارش کے باعث دن کے درجہ حرارت میں 3 سے 5 ڈگری کمی کی امید ہے ۔

محمد فاروق کی جانب سے جاری بیان میںمزید کہا گیا ہے کہ آئندہ 24گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا۔ آج (شام/رات) بالائی خیبر پختونخواہ(مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، مردان ڈویژن)، بالائی پنجاب (راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا، فیصل آباد ڈویژن)، اسلام آباد، کوئٹہ، ژوب، قلات، سبی ڈویژن، فاٹا، گلگت بلتستان اورکشمیر میں بعض مقامات پر تیز ہواﺅں اور گرج چمک کےساتھ بارش جبکہ جنوبی پنجاب (ملتان، ڈی جی خان،بہاولپور ڈویژن)، میرپور خاص اور حیدر آباد ڈویژن میں گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہاتاہم کشمیر میں ایک دو مقامات پر گرج چمک کےساتھ بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش گڑھی دوپٹہ03، راولاکوٹ 01ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔

گزشتہ روز روز ریکارڈ کیے گئے گرم ترین مقامات کے درجہ حرارت: سبی، تربت، نورپورتھل 47، کوٹ ادو، جیکب آباد، بھکر ،بہاولنگر ، رحیم یار خان اور شہید بینظیر آباد میں 46 ڈگری جبکہ آج لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 26، کراچی 28، اسلام آباد 20، پشاور 26، کوئٹہ 19، گلگت 13، چترال 14اور ہنزہ میں 11ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔

Source. Daily Pakistan

Leave a Reply

Be the First to Comment!


wpDiscuz