سندھ میں میئر اور ڈپٹی میئر کے انتخاب کیلئے پولنگ

24 August 2016

کراچی: سندھ بھر میں میئر،ڈپٹی میئر، چیئرمین اور وائس چیئرمین کے انتخابات کے لیے پولنگ جاری ہے جو بغیرکسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کو کے ایم سی کونسل کے 308 میں سے 214 نشستوں کے ساتھ سادہ اکثریت حاصل ہے اور اس طرح وسیم اختر کی کامیابی کے واضح امکانات ہیں۔

صوبائی الیکشن کمشنر تنویر ذکی نے بتایا کہ سندھ بھر کے 20 اضلاع میں 100 سے زائد میونسپل باڈیز کے میئرز، ڈپٹی میئرز، چیئرمین، وائس چیئرمین کے انتخاب کیلئے 2 ہزار ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ سندھ بھر میں 41 مقامات پر پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔

انتخابات کے موقع پر صوبے بھر میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے، پولنگ اسٹیشن میں موبائل فون لےجانے پر بھی پابندی عائد کی گئی۔

دوسری جانب ضلع شرقی، ضلع غربی، ضلع جنوبی اور ڈسٹركٹ كونسل كراچی میں چیئرمین وائس چیئرمین كی نشست پر بھی انتخابات ہو رہے ہیں۔

ضلع ملیر میں صرف وائس چیئرمین كی نشست پر انتخاب ہو گا کیوں کہ یہاں پر پیپلز پارٹی کا امیدوار بلامقابلہ چیئرمین منتخب ہو چکا ہے، ضلع وسطی میں ایم كیو ایم چیئرمین اور وائس چیئرمین کی نشست بلامقابلہ جیت چكی ہے۔

کراچی

کراچی میں ایم کیو ایم سے تعلق رکھنے والے میئر کے امیدوار وسیم اختر کو جیل سے سخت سیکیورٹی میں کے ایم سی بلڈنگ لایا گیا۔

میئر اور ڈپٹی میئر کے انتخاب کے لیے پولنگ کراچی کی کے ایم سی بلڈنگ میں صبح 9بجے شروع ہوئی اور ووٹ ڈالنے کے لئے ووٹرز کی طویل قطار لگ گئی۔

ایم کیوایم کے ووٹرز کے کارڈز رینجرز کی جانب سے سیل کئے گئے نائن زیرو پر رہ گئے تھے جس کے باعث نمائندوں کو ووٹ ڈالنے میں مشکلات کا سامنا رہا تاہم الیکشن کمیشن نے اصل شناختی کارڈ پر ووٹ ڈالنے کی اجازت دے دی۔

کراچی کے نامزد میئر وسیم اختر کو جیل سے سخت سیکیورٹی میں ووٹ کاسٹ کرنے کیلئے کے ایم سی بلڈنگ لایا گیا اور ان کے ہمراہ نامزد ڈپٹی میئر ارشد ووہرہ بھی موجود تھے۔

کراچی کے میئر کیلئے وسیم اختر اور پیپلزپارٹی کے کرم اللہ کے درمیان مقابلہ ہے جبکہ ڈپٹی میئر کے لیے ایم کیوایم کے ارشد وہرہ اور ن لیگ کے امان اللہ امیدوار ہیں۔

ایم کیو ایم کے رہنما ریحان ہاشمی کراچی کے علاقے ضلع وسطی سے بلامقابلہ چیئرمین منتخب ہوچکے ہیں۔

الیکشن کمیشن نے ووٹ ڈالتے وقت اصل شناختی کارڈ دکھانا لازمی قرار دیا ہے جبکہ وقت ختم ہونے پر پولنگ اسٹیشن میں موجود ووٹرز کو ووٹ ڈالنے کی اجازت ہوگی۔

میئر اور ڈپٹی میئر کے انتخاب کیلئے 5 دسمبر کو منتخب ہونے والے بلدیاتی نمائندے ووٹ کاسٹ کررہے ہیں۔

ان انتخابات کے نتائج کا سرکاری نوٹیفکیشن 29 اگست کو جاری کیا جائے گا، کراچی کے لئے ایم کیو ایم کے نامزد ڈپٹی میئر ارشد وہرہ کہتے ہیں گذشتہ دو دن بہت مشکل تھے اس کے باوجود امید ہے پانچ اضلاع میں کامیاب ہوجائیں گے۔

حیدرآباد

حیدرآباد میں بھی میئر اور ڈپٹی میئر کے انتخاب کے لیے میونسپل آفس میں ووٹنگ کا عمل جاری ہے۔

بیلٹ پیپرز دیر سے پہنچنے کی وجہ سے پولنگ تاخیرسے شروع ہوئی، ووٹنگ کاآغازہونے بعد بھی ایوان کی صفائی ستھرائی کی جاتی رہی۔

حیدر آباد میں میئر کیلئے ایم کیو ایم کے طیب حسین اور پیپلز پارٹی کے پاشا قاضی کے درمیان مقابلہ ہے۔

لاڑکانہ

لاڑکانہ میں شہری قیادت کےانتخاب کے لیے ووٹنگ کابندوبست میونسپل آفس میں کیاگیا، ووٹرز کی آمدمیں تاخیرکی وجہ سے پولنگ وقت مقررہ پرشروع نہ ہوسکی۔

لاڑکانہ کی مئیرشپ حاصل کرنے کیلئے پیپلز پارٹی کے اسلم شیخ میدان میں ہیں۔

گھوٹکی

گھوٹکی میں بھی چئیر مین اوروائس چئیرمین کے انتخاب کیلئے ووٹنگ جاری ہے ۔

چئیرمین شپ کےلیے پیپلز پارٹی کےحاجی خان مہر اورفنکشنل لیگ کے محمد یوسف ایک دوسرے کے مدمقابل ہیں۔

بلا مقابلہ منتخب ہونے والے

سکھرمیں پیپلز پارٹی کے ارسلان شیخ میئر اور طارق چوہان بلا مقابلہ ڈپٹی میئر منتخب ہوگئے، بدین میں میونسپل کمیٹی ماتلی، بابوسبھاگوخاصخیلی بلامقابلہ وائس چیئرمین منتخب ہوئے۔

شکارپور کے ضلع کونسل میں پیپلزپارٹی کے امیرخان بلامقابلہ وائس چیئرمین منتخب ہوئے، جیکب آباد، ضلع کونسل میں پیپلزپارٹی کے سردار محمد پناہ خان اوڑھو بلامقابلہ چیئرمین منتخب ہوئے، شہیدبینظیرآباد میں سابق ممبرصوبائی اسمبلی سردار جام تماچی بلامقابلہ چیرمین منتخب ہوئے۔

شہید بینظیرآباد میں علی اکبرجمالی بلامقابلہ وائس چیرمین، تعلقہ سکرنڈ میں سید منیرشاہ بلامقابلہ چیئرمین منتخب ہوئے۔

کشمورکے ضلع کونسل میں پیپلز پارٹی کےسردارمحبوب علی خان بلامقابلہ چیئرمین منتخب ہوئے، جبکہ پیپلزپارٹی کے ہی میرنویدخان بلامقابلہ وائس چیئرمین منتخب ہوئے۔

ٹھٹھہ میں پیپلزپارٹی کےپیرزین العابدین چیئرمین ٹاؤن کمیٹی مکلی بلامقابلہ منتخب ہوئے، پیپلزپارٹی کےمحمداقبال خاصخیلی چیئرمین ٹاؤن کمیٹی منتخب ہوئے۔

ٹھٹھہ میں پیپلز پارٹی کے غلام قادر پلیجو بلامقابلہ ضلع چیئرمین منتخب ہوئے۔

الیکشن کمیشن کی نگرانی

کراچی میں میئر اور ڈپٹی مئیر کے انتخابات کے لیے انتخابی عمل کی نگرانی الیکشن کمیشن خود کررہی ہے۔

سیکریٹری الیکشن کمیشن بابریعقوب کا کہنا ہے کہ وہ خود پولنگ کے عمل کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ صوبائی حکومت اورصوبائی الیکشن کمشنر سے بھی رابطہ کرکے ہدایت کی ہے کہ پولنگ کے عمل میں بیلٹ پیپرز اورکسی چیز کی کمی نہیں ہونی چاہیے۔

سیکریٹری الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ پولنگ اسٹیشن کےاندرموبائل استعمال کرنےاورتصویربنانے پرپابندی عائد کی گئی ہے جبکہ قانون نافذکرنے والے ادارے امن وامان کو یقینی بنارہے ہیں۔

Source. Dawn News

Leave a Reply

Be the First to Comment!


wpDiscuz