امجد صابری کی نماز جنازہ لیاقت آباد روڈ پر ادا، ہزاروں افراد کی شرکت

23 June 2016

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) گزشتہ روز فائرنگ کے واقعہ میں جاں بحق ہونے والے معروف قوال امجد صابری کی نماز جنازہ لیاقت آباد روڈ پر دربار بابا فرید گنج شکر پاکپتن شریف کے گدی نشین کی امامت میں ادا کردی گئی ہے ۔ اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے جبکہ امجد صابری کی نماز جنازہ میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔

تفصیلات کے مطابق امجد صابری کی نماز جنازہ پڑھنے کیلئے مداحوں اور عزیز و اقار ب سمیت ہزاروں افراد لیاقت آباد روڈ پر ارم بیکری کے سامنے پہنچے ۔ اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے اور پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات کی گئی جبکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کیلئے رینجرز کے جوانوں نے علاقے کا سرچ آپریشن بھی کیا اور وہاں پر موجود رکشوں اور گاڑیوں کو ہٹادیالیکن اس کے باوجود گاڑیوں کی بڑی تعداد وہاں موجود تھی۔

مقتول قوال امجد صابری کی نماز جنازہ دوپہر ایک بجے لیاقت آباد روڈ پر ارم بیکری کے سامنے دربار بابا فرید کے گدی نشین احمددیوان مسعود چشتی کی امامت میں ادا کی گئی ۔ جنازہ میں انسانوں کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر موجود تھا اور ہر آنکھ ہی اشکبار نظر آئی جبکہ بہت ہی رقت آمیز مناظر بھی دیکھنے کو ملے ۔

امجد صابری کی میت کوجب گھر سے نکالا گیا تو اس وقت شدت غم اور گرمی کی وجہ سے متعدد خواتین بے ہوش ہوگئیں۔ نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد امجد صابری کی میت کو پاپوش نگر قبرستان کی طرف لے جایا جارہا ہے جہاں انہیں پیر حیرت شاہ وارثی کے مزار کے احاطے میں دفن کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ امجد صابری کے والد غلام فرید صابری کی قبر بھی اسی احاطے میں موجود ہے
قبل ازیں امجد صابری کے بھائی چھیپا سرد خانے پہنچے اور اپنے بھائی کی میت وصول کی۔ اس موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے اور لوگ دھاڑیں مار مار کر روتے رہے۔

Source. Daily Pakistan

Leave a Reply

Be the First to Comment!


wpDiscuz