'نواز شریف نے خود فوج کو جگہ دی ہے'

22 July 2016

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سینیٹر کریم خواجہ نے مسلح افواج کے مختلف ونگرز کی جانب سے چلائے جانے والے تجارتی اداروں پر بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ اختیارات سول حکومت صرف اُس صورت میں واپس لے سکتی ہے جب ملک میں جمہوریت مضبوط ہو۔

ڈان نیوز کے پروگرام ‘نیوز آئی’ میں گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر کریم خواجہ کا کہنا تھا کہ موجود حالات میں خود وزیراعظم نواز شریف نے فوج کو جگہ دی ہے۔

پیپلز پارٹی کے سینیٹر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کو چاہیے کہ وہ اس معاملے پر پارلیمنٹ کا ایک مشترکہ اجلاس طلب کریں تاکہ ان اختیارات کو واپس لیا جاسکے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ آج کی بات نہیں، بلکہ جب 1988 میں محترمہ بے نظیر بھٹو نے اقتدار سنبھالا تو فوج نے انہیں یہ اختیارات دینے سے صاف انکار کردیا تھا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز ایوانِ بالا یعنی سینیٹ میں فوج کے مختلف ونگز کی جانب سے چلائے جانے والے تجارتی اداروں کی تفصیلات پیش کی گئی تھیں۔

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) سے تعلق رکھنے والے سینیٹر فرحت اللہ بابر کے سوال پر وزیر دفاع خواجہ آصف نے اپنے تحریری جواب کے ذریعے ایوان کو بتایا کہ ملک بھر میں 50 کے قریب پروجیکٹس، یونٹس اور ہاؤسنگ کالونیاں کام کررہی ہیں جن کا انتظامی کنٹرول فوجی فاؤنڈیشن، شاہین فاؤنڈیشن، بحریہ فاؤنڈیشن، آرمی ویلفیئر ٹرسٹ اور ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹیز کے پاس ہے۔

سینیٹ میں پیش کی جانے والی تفصیلات کے مطابق پاکستان کے بڑے شہروں کراچی، لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد، ملتان، گجرانوالہ، بہاولپور، پشاور اور کوئٹہ میں 8 ڈی ایچ اے قائم کیے گئے جن کا قیام زیادہ تر آرڈیننس کے ذریعے عمل میں آیا۔

مزید بتایا گیا کہ ملک بھر میں آرمی ویلفیئر ٹرسٹ (اے ڈبلیو ٹی) کے تحت 16 ، فوجی فاؤنڈیشن کے تحت 15 اور شاہین فاؤنڈیشن کے تحت 11 پروجیکٹس یا یونٹس بھی کام کررہے ہیں۔

Source. Dawn News

Leave a Reply

Be the First to Comment!


wpDiscuz