پاناما لیکس کا دوسرا دھماکہ، عبدالعلیم خان، زلفی بخاری،سیٹھ عابد ، شرمین عبید چنائے کی والدہ سمیت 400 پاکستانی آف شور کمپنیوں کے مالک نکلے

9 May 2016

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) پاناما لیکس کا دوسرا بم پھٹ گیا ، عمران خان کے دوست ذوالفقار عرف زلفی بخاری کے خاندان کی 6 کمپنیاں ، بے نظیر کے کزن طارق اسلام، آصف علی زرداری اور الطاف حسین کے دوست سیٹھ عابد ، عرفان اقبال پوری اور ریٹائرڈ ایڈ مرل کے بیٹوں کے نام پاناما لیکس میں آ گئے۔سابق وزیر صحت نصیر خان کے بیٹے ،پورٹ قاسم اتھارٹی کے سابق ایم ڈی عبدالستار ڈیرو ، پی ٹی آئی کے علیم خان ،آسکر ایوارڈ یافتہ شرمین عبید کی والدہ کا نام بھی شامل ہے۔ولیانی خاندان کا تعلق چار کمپنیوں سے نکلا جبکہ کراچی چیمبرکے سابق صدر شوکت احمد بھی شیل کمپنی کے مالک نکلے۔

انٹرنیشنل کنسورشیم آف جرنلسٹس (آئی سی آئی جے )کی جانب سے پاناما پیپرز کی دوسری قسط لیک کردی گئی ہے ۔ آئی سی آئی جے کی جانب سے جاری کی گئی نئی قسط میں پاکستان سے تعلق رکھنے والی 400شخصیات کے نام سامنے آئے ہیں۔ پاناما لیکس میں بتایا گیا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری اور الطاف حسین کے قریب رہنے والے تاجر عرفان اقبال پوری کی تین کمپنیوں کی ملکیت نکل آئی۔عرفان اقبال کا دعوی ٰ ہے کہ وہ آصف زرداری کے پارٹنر ہیںان کی اپنے بیٹے کے ساتھ برٹش ورجن آئی لینڈ میں رجسٹرڈ کمپنیوں میں آئی پی کموڈیٹیز لمیٹڈ، آئی پی گلوبل لمیٹڈ اور پیور پام آئل لمیٹڈ شامل ہیں۔ لنک انویسٹمنٹ لمیٹڈ کمپنی بہاماس میں رجسٹر ڈہے اوریہ بینظیر بھٹو کے کزن طارق اسلام کی ہے۔

عمران خان کے اہم فنانسر سید ذوالفقار عباس بخاری عرف زلفی بخاری اپنی بہنوں کے ساتھ آف شور کمپنیوں کے مالک ہیں اس خاندان کی 6 کمپنیاں ہیں جن میں کے فیکٹر لمیٹڈ، بریڈبری ریسورسز لمیٹڈ، بے ٹیک لمیٹڈ، بیلا ٹریڈنگ لمیٹڈ، پوریم ٹریڈنگ لمیٹڈ اورجین اسٹیم ٹریڈنگ لمیٹڈ شامل ہیں۔پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما اور عمران خان کے انتہائی قریبی سمجھے جانے والے عبدالعلیم خان کا نام بھی آف شور کمپنیاں بنانے والوں کی فہرست میں شامل ہے۔

دو بار آسکر ایوارڈ جیتنے والی فلم پروڈیوسر شرمین عبید چنائے کی والدہ صبا عبید کا نام تین کمپنیوں میں سامنے آیا ہے۔سابق ایڈمرل مظفر حسین کے بیٹے اظفر حسن برٹش ورجن آئی لینڈ میں قائم کمپنی نبیلہ میٹرکس لمیٹڈ کے شیئر ہولڈرز میں سے ہیں۔
سابق وزیر اعظم شوکت عزیز کے دور کے وزیر صحت نصیر خان کے خاندان کے ارکان کی ایک آف شور کمپنی ، ایٹ ووڈ انویسٹ منٹ لمیٹڈ شامل ہے۔ان کے بیٹے محمد جبران اور بھائی ظفر اللہ خان کی نشاندہی شیئر ہولڈرز کی حیثیت سے ہوئی ہے۔
ساجد محمودلاہور کے مشہور سیٹھ عابد کے بیٹے ہیں اور وہ موس گرین لمیٹڈ کے مالک ہیں یہ آف شور کمپنی برٹش ورجن آئی لینڈ میں گزشتہ برس ہی رجسٹر ہوئی تھی اس کے دیگر شیئر ہولڈرز میں اکبر محمود، اعجاز محمود اور بشریٰ اعجاز ہیں اس خاندان کی 30کمپنیاں ہیں جو عابد گروپ کے تحت کام کرتی ہیں۔

این آر او سے فائدہ اٹھانے والے پورٹ قاسم کے سابق ایم ڈی عبدالستار ڈیرو کی دو آف شور کمپنیاں ہیں وہ زرداری خاندان کے انتہائی قریبی شخص تصور ہوتے ہیں اور وہ متحدہ عرب امارات میں کاروبار کی دیکھ بھال کرتے ہیں ان آف شور کمپنیوں میں شریک مالک زاہدہ ڈیرو،فہد ستارڈیرو اور فواد ستار ڈیروہ شامل ہیں۔

علاوہ ازیں کراچی چیمبر کے سابق صدر شوکت احمد گلوبل لنک پراپرٹیز انکارپوریٹڈسے شلز میں رجسٹر ہے۔دوہری شہریت کے حامل عزت مجید کی ایک کمپنی ہے وہ سچل سٹوڈیو اکسٹرا کے بانی ہیں۔غوث اکبر کی اہلیہ مہرین اکبر کا نام چار کمپنیوں میں شیئر ہولڈر کی حیثیت سے سامنے آیا ہے ان کمپنیوں کی املاک برطانیہ میں ہیں۔ ویلیانی خاندان کا تعلق بھی چار کمپنیوں سے نکلا ہے جن میں الیگزر سیکورٹیز کے سی ای او، فواز ولیانی،ان کی بہن زہرا ویلیانی اور ان کی والدہ ثمینہ والیانی شامل ہیں۔

Source. Daily Pakistan

Leave a Reply

Be the First to Comment!


wpDiscuz