2روز کے دوران بیشتر میدانی علاقوں میں موسم شدید گرم، کشمیر سمیت چند مقامات پر بارش کا امکان ہے : محکمہ موسمیات

08 June 2016

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں اگلے 2 روز (بدھ اور جمعرات )کے دوران موسم شدید گرم اور خشک رہنے کی پیشنگوئی کی ہے جس کے باعث بعض مقامات پر درجہ حرارت 48 سے 50 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ اس دوران ہزارہ، راولپنڈی، گوجرانوالہ ڈویژن اور کشمیر میں بعض مقامات پر گردآلود ہواﺅں اور گرج چمک کےساتھ بارش کا امکان ہے۔

ترجمان محکمہ موسمیات محمد فاروق کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک کے وسطی اور جنوبی میدانی علاقے شدید گرمی کے زیر اثر رہیں گے۔ان علاقوں میں ساہیوال، ڈی جی خان، ملتان، بہاولپور، ڈی آئی خان، بنوں، سکھر، لاڑکانہ، شہید بینظیر آباد، حیدرآباد، سبی، نصیر آباد ڈویژن شامل ہیں۔بدھ اورجمعرات کے روز راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، فیصل آباد، سرگودھا، کوہاٹ، پشاور ڈویژن میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ 24گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہےگاتاہم آج شام/رات ہزارہ، راولپنڈی، گوجرانوالہ ڈویژن، فاٹا، اسلام آباد اور کشمیر میں بعض مقامات پر تیز ہواﺅں اور گرج چمک کیساتھ بارش جبکہ ملتان، ڈی جی خان، بہاولپور، سکھر، میرپور خاص اور حیدر آباد ڈویژن میں گرد آلود ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے ۔ پنجاب کے میدانی علاقے، وسطی اور جنوبی خیبرپختونخوا، بالائی سندھ،سبی اور مکران ڈویژن شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔

ترجمان کے مطابق گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہاتاہم ہزارہ، ڈی جی خان ڈویژن اور کشمیر میں چند مقامات پر گرج چمک کےساتھ بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش کشمیر: گڑھی دوپٹہ، راولاکوٹ04، پنجاب: ڈی جی خان02، خیبر پختونخوا: ہزارہ 01 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔

گزشتہ روز ریکارڈکیے گئے گرم ترین مقامات کے درجہ حرارت:سبی52، جیکب آباد51، دادو، بہاولنگر، رحیم یارخان، موہنجوداڑو، لاڑکانہ49، روہڑی، بھکر،سکھر اور شہید بینظیرآباد 48 اور آج لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 27، اسلام آباد 24، کراچی 28، پشاور 26، کوئٹہ 17، گلگت اور چترال میں 14جبکہ ہنزہ میں 12ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

Source. Daily Pakistan

Leave a Reply

Be the First to Comment!


wpDiscuz