طواف کعبہ و دیگر عبادات کے دوران تصاویر بنوانا شرعاً حرام ہے:سعودی علما کافتویٰ

3 May 2016

ریاض (مانیٹرنگ ڈیسک)حج و عمرہ کیلئے سعودی عرب جانے والوں کیلئے ایک اہم خبر سامنے آگئی۔عمرہ یا حج کے دوران پل پل کی اپ ڈیٹس اور تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرنے والے خصوصی توجہ فرمائیں کہ سعودی عرب کے علما ئے کرام نے مسجد حرام میں عبادت کے دوران، طواف کعبہ، سعی اور دیگر مناسک کے دوران تصاویر کھینچوانے کو شرعا حرام قرار دیدیا ہے۔ علماکے مطابق لوگوں میں تشہیر کی غرض سے تصویر اتارنا عبادت میں اخلاص کی نفی کے مترادف ہے۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق علماءکی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ مساجد صرف اللہ کی عبادت کیلئے مختص ہیں۔ انہیں کسی دنیاوی مقاصد یا تفریحی مشاغل کے لیے استعمال کرنے کا کوئی جواز نہیں ۔

مسجد حرام میں منعقدہ ایک سیمینار کے بعد جاری کردہ مشترکہ فتوے میں کیا گیا ہے کہ مساجد کا تقدس قائم رکھنا ہر مسلمان کا شرعی فریضہ ہے۔ مساجد میں خرید وفروخت، لین دین کرنا یا مسجد کو جسمانی ورزش کے لیے استعمال کرنے کا بھی کوئی جواز نہیں ہے۔

علماءکرام نے مسجد حرام میں معذور افراد کے لیے کرائے پر وہیل چیئر کی فراہمی کی حمایت کی ہے تاہم انہوں نے زور دیا ہے کہ وہیل چیئر کرائے پر فراہم کرنے والے افراد لین دین کے تمام امور مسجد کے باہر طے کریں۔

علماءکا کہنا ہے کہ مسجد کی راہ داریوں پر بیٹھنا، کھانے پینے کی اشیاءاندر لانا اور خواتین کا مردوں اور مردوں کا خواتین کیلئے مختص مقامات پر بیٹھنا بھی شرعا ممنوع ہے۔

خیال رہے کہ علماءکرام نے مسجد حرام میں تصاویر بنوانے کو ایک ایسے وقت میں حرام قرار دیا ہے جب عمرہ اور حج کے دوران عازمین اپنی تصاویراتارنے کے بعد سوشل میڈیا پر پوسٹ کرتے رہتے ہیں جس پر مذہبی حلقوں کی جانب سے شدید رد عمل سامنے آیا تھا۔ اس سے قبل بھی علماءنے مسجد حرام میں تصاویر بنوانا ممنوع قرار دیا ہے۔

Source. Daily Pakistan

Leave a Reply

Be the First to Comment!


wpDiscuz