چیونگم موٹاپے سے بچاؤ کے لیے مفید

19 October 2016

اکثر افراد کو دن بھر میں منہ چلانے کے لیے چیونگم کی ضرورت ہوتی ہے اور یہ عادت انہیں موٹاپے سے بچانے میں مددگار ثابت بھی ہوسکتی ہے۔

یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

مایو کلینک کی تحقیق کے مطابق ایک گھنٹے تک چیونگم چبانے کا عمل 11 کیلوریز کو جلا دیتا ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ خصوصاً مٹھاس سے پاک چیونگم کو بیس سے تیس منٹ تک چبانا بھی کیلوریز کو جلانے میں مدد دیتا ہے۔

تحقیق کے مطابق اگر کوئی شخص دن میں دو گھنٹے چیونگم چباتا ہے تو وہ ہفتہ بھر میں 154 کیلوریز جلا رہا ہوتا ہے۔

اسی طرح سال بھر میں اس عادت کے نتیجے میں 8030 کیلوریز جسم سے خارج ہوجاتی ہیں اور اس طرح موٹاپے کا خطرہ کم ہوتا ہے۔

جیسا آپ کو معلوم ہوگا کہ موٹاپا ذیابیطس، بلڈ پریشر، امراض قلب اور دیگر امراض کا خطرہ بڑھانے کا باعث بنتا ہے۔

اس سے پہلے گزشتہ سال ایک تحقیق میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ چیونگم کا استعمال منہ سے مضر صحت بیکٹریا کو ختم کرنے کیے مفید ہے۔

گورنینگن یونیورسٹی کی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ چیونگم کا ایک ٹکڑا ہی منہ سے دس کروڑ بیکٹریا کا خاتمہ صرف 10 منٹ میں کرسکتا ہے۔

تحقیق میں تو یہ بھی بتایا گیا ہے کہ چیونگم اس حوالے سے فلاس جتنا ہی کارآمد ثابت ہوتا ہے کیونکہ یہ منہ کے اندر مختلف حصوں میں بیکٹریا کو نشانہ بناتی ہے۔

تحقیق کے مطابق چیونگم اولین 30 سیکنڈ میں سب سے زیادہ موثر ہوتی ہے اور اس کے بعد وقت گزرنے کے ساتھ اس کی افادیت کم ہوتی چلی جاتی ہے تاہم 10 منٹ میں دس کروڑ جراثیموں کا خاتمہ ہوتا ہے اور جتنا وقت زیادہ ہوگا یہ تعداد بڑھتی چلی جائے گی۔

نوٹ: یہ مضمون عام معلومات کے لیے ہے۔ قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ لیں۔

Source. Dawn News

Leave a Reply

Be the First to Comment!


wpDiscuz