ونڈوز 10 مفت انسٹال کرنے کی سہولت ختم ہونے کے قریب

26 July 2016

اگر مائیکروسافٹ کی جانب سے اَپ گریڈ کرنے کا نوٹیفکیشن آپ کو ونڈوز 10 انسٹال کرنے پر تیار نہیں کرسکا تو جان لیں کہ اس آپریٹنگ سسٹم کو مفت ڈاﺅن لوڈ کرنے کی سہولت ختم ہونے والی ہے۔

جی ہاں اگر آپ نے اب تک اپنے کمپیوٹر پر ونڈوز 10 کی مفت اَپ گریڈیشن کا آپشن استعمال نہیں کیا تو جلدی کرلیں ورنہ وقت ہاتھ سے نکل جائے گا۔

مائیکروسافٹ کے مطابق اس کے نئے کمپیوٹر آپریٹنگ سسٹم کی مفت اَپ گریڈیشن کی مدت رواں ماہ 29 جولائی کو ختم ہوجائے گی، یعنی اس سسٹم کو متعارف کرائے جانے کی پہلی سالگرہ کے موقع پر۔

29 جولائی کے بعد مفت اَپ ڈیٹ ختم ہوجائے گی اور صارفین کو ونڈوز 10 اَپ گریڈ کرنے کے لیے 119 ڈالرز (12456 روپے) خرچ کرنا پڑسکتے ہیں۔

ونڈوز 10 کو ایک سال مکمل ہونے کے موقع پر مائیکروسافٹ کی جانب سے اس میں اَپ ڈیٹس بھی متعارف کرائی جائیں گی۔

گزشتہ سال مائیکرو سافٹ نے ونڈوز 10 کو متعارف کرایا تھا اور پہلی بار یہ آپریٹننگ سسٹم ایک سال تک مفت فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا۔

ونڈوز 8.1 اور 7 کے صارفین ہی اس مفت اپ گریڈ کی سہولت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

مائیکروسافٹ کا یہ طریقہ کار کافی کارآمد ثابت ہوا اور کمپنی کے مطابق دنیا بھر میں 35 کروڑ ڈیوائسز پر یہ آپریٹنگ سسٹم کام کررہا ہے۔

ماہرین بھی مائیکروسافٹ کے اس آپریٹنگ سسٹم کو کافی بہتر قرار دیتے ہیں اور اس میں بتدریج مسلسل بہتری آرہی ہے۔

Source. Dawn News

Leave a Reply

Be the First to Comment!


wpDiscuz