بارش کا موسم درد کی شدت بڑھائے؟

8 September 2016

بارش کا موسم تو سب کو پسند ہوتا ہے لیکن اگر آپ جسم کے کسی حصے میں درد کا شکار ہیں تو یہ موسم درد کی شدت کو مزید بڑھا دیتا ہے۔

یہ دعویٰ برطانیہ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آیا۔

مانچسٹر یونیورسٹی کی تحقیق کے مطابق بارش اور سورج کی روشنی نہ ہونا شدید درد کی شکایت کو بڑھانے کا باعث بنتے ہیں۔

تحقیق کے مطابق موسم جسم پر مختلف انداز سے اثر انداز ہوتا ہے خاص طور پر بارش کے دوران درد کی شدت میں بھی اضافہ ہونے لگتا ہے۔

اسی طرح جب سورج آسمان پر چمک رہا ہوتا ہے تو درد کی شدت میں کمی آتی ہے۔

تحقیق کے مطابق برسات کے دوران شدید درد کے شکار مریضوں کو زیادہ مشکلات کا سامنا ہوتا ہے کیونکہ موسم مرطوب ہوتا ہے جبکہ سورج کی روشنی کم ہوجاتی ہے۔

محققین کے مطابق یہ ابتدائی نتائج حوصلہ افزا ہیں تاہم اس حوالے سے ابھی مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ بات ضرور ثابت ہوگئی ہے کہ موسم انسانی درد پر اثر انداز ہوتا ہے اور مریضوں کو اس حوالے سے اپنی سرگرمیوں کو پلان کرنا چاہیے۔

محققین کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے تحقیق میں زیادہ سے زیادہ لوگوں کو شامل کیا جائے گا اور ان کی علامات کو ایک اسمارٹ فون ایپ کی مدد سے جانا جائے گا۔

تاہم ان کے بقول اگر آپ شدید درد کے شکار ہیں تو بارش کے موسم میں احتیاطی تدابیر کو اختیار کیا جانا چاہئے۔

Source. Dawn News

Leave a Reply

Be the First to Comment!


wpDiscuz