مصری ایئر لائن کا طیارہ قاہرہ جاتے ہوئے لاپتہ ہو گیا ، 69افراد سوار تھے، تلاش شروع

19 May 2016

مصر کے ایوی ایشن کے حکام کا کہنا ہے کہ مصر کا ایک مسافر طیارہ فرانس کے دارالحکومت پیرس سے قاہرہ جاتے ہوئے لاپتہ ہوگیا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ بدھ کی رات یہ جہاز مشرقی بحیرۂ روم کے اوپر 37000 فٹ کی بلندی پر محوِ پرواز تھا جب اچانک ریڈار سے غائب ہو گیا۔

ایجپٹ ایئر کی پرواز ایم ایس 804 پیرس سے قاہرہ جا رہی تھی اور 20 منٹ بعد مصر کے دارالحکومت میں اترنے والی تھی۔خبر رساں ادارے روئٹرز نے یونان کے ایئر ٹریفک کنٹرولرز کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ پائلٹ نے آخری بار رابطے پر کسی مسئلے کے بارے میں نشاندہی نہیں کی تھی۔

جہاز جب غائب ہوا تو مصر کی فضائی حدود میں 10 میل اندر آ چکا تھا اور اس علاقے میں خراب موسم کے متعلق کوئی اطلاع نہیں ملی۔

اس ایئر بس اے 320 میں 56 مسافر، تین سکیورٹی اہلکار اور عملے کے 10 ارکان سوار تھے۔ بتایا گیا ہے کہ مسافروں میں تین بچے بھی شامل ہیں۔

 

ایجپٹ ایئر نے جہاز پر سوار افراد کی شہریت کے بارے میں معلومات فراہم کی ہیں جن کے مطابق ان میں 15 فرانسیسی، 30 مصری، دو عراقی، جبکہ برطانیہ، بیلجیئم ، پرتگال، چاڈ، سوڈان، الجزائر ، کینیڈا، کویت اور سعودی عرب کا ایک ایک باشندہ شامل ہیں۔

مصری حکام کا کہنا ہے کہ وہ آخری بار طیارے کے ریڈار پر دکھائی دیے جانے والے علاقے میں تلاش کے لیے جیٹ طیارے بھیجے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ یونان کے حکام سے بھی اس حوالے سے رابطہ کیا گیا ہے۔

فرانسیسی وزیرِ اعظم نے کہا ہے کہ ان کا ملک مسافر طیارے کی تلاش کے لیے کسی بھی مدد کے لیے تیار ہے اور یہ کہ وہ مصر کے فوجی اور سول حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ابھی جہاز کے لاپتہ ہونے کی وجوہات کے حوالے سے کچھ بھی کہنا قبلِ از وقت ہے۔

مصر کے وزیرِ اعظم ایجپٹ ائیر کے دفتر پہنچے ہیں جہاں انھیں واقعے کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی اس کے علاوہ مصر میں ایوی ایشن کے وزیر بھی اپنا اردن کا دورہ مختصر کرتے ہوئے وطن واپس لوٹ رہے ہیں۔

مسافروں کے اہلِ خانہ بھی مصر میں ایجیپٹ ایئر کے دفتر پہنچنا شروع ہو گئے ہیں جہاں حکام نے انھیں ڈاکٹرز اور مترجم فراہم کیے ہیں۔

 

یاد رہے کہ اس سے پہلے مارچ میں ایک ذہنی بیمار شخص نے سابقہ بیوی سے ملنے کے لیے مصر کی اسی فضائی کمپنی کی پرواز ایم ایس 181 کو مصر کے شہر سکندریہ سے قاہرہ جاتے ہوئے ہائی جیک کر لیا تھا۔

یہ جہاز قبرص لے جایا گیا تھا۔ جہاز کو ہائی جیک کرنے والے شخص نے بظاہر جو خود کش جیکٹ پہنی تھی وہ جعلی تھی اور انھیں گرفتار کر لیا گیا تھا۔

اس سے پہلے گذشتہ سال ایک روسی جہاز مصر کے شہر شرم الشیخ میں گر کر تباہ ہوا تھا اور اس پر سوار 224 افراد ہلاک ہوگئے تھے

روس کا کہنا تھا کہ جہاز میں دھماکہ خیز مواد تھا اور شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ نے اس جہاز کو تباہ کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

Leave a Reply

Be the First to Comment!


wpDiscuz